ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / میعاد کار ختم ہونے سے پہلے ہی اتر کنڑا ڈپٹی کمشنر کا تبادلہ 

میعاد کار ختم ہونے سے پہلے ہی اتر کنڑا ڈپٹی کمشنر کا تبادلہ 

Sat, 06 Jul 2024 11:41:02    S.O. News Service

کاروار، 6 / جولائی (ایس او نیوز) سرکاری افسران کی تعیناتی کے سلسلے میں ایک زمانے سے یہ عام اصول چلتا آیا ہے کہ کسی بھی ضلع میں ڈپٹی کمشنر یا ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ کے طور پر ان کا تبادلہ کیا جاتا ہے تو انہیں وہاں پر کم از کم دو سال تک  خدمات انجام دینے کا موقع ملنا چاہیے ۔  مگر اب میعاد کار پوری ہونے سے پہلے ہی افسران کا تبادلہ کرنے کی روایت چل پڑی ہے  جس کے تحت  ایک سال کا عرصہ بھی پورا کرنے سے پہلے ہی ان کا تبادلہ کیا جا رہا ہے ۔
    
اس سے پہلے اسمبلی الیکشن ختم ہوتے ہی برسراقتدار آنے والی کانگریسی حکومت نے اتر کنڑا ضلع ڈپٹی کمشنر کے عہدے پر فائز پربھو لنگا کولیکٹّی کو ایک سال کی مدت ختم ہونے سے قبل ہی دوسرے مقام پر بھیج دیا تھا ۔ اُس وقت ریاستی حکومت کے اقدام پر عوامی حلقے میں کڑی تنقید کی گئی تھی ۔ 
    
پربھو لنگا کی جگہ پر نئی ڈپٹی کمشنر کی حیثیت سے گنگو بائی مانکر کو تعینات کیا گیا تھا جنہوں نے 25 جولائی 2023 کو اتر کنڑا ضلع ڈپٹی کمشنر کا عہدہ سنبھالا تھا ۔ لیکن اب ان کی میعاد کار کا ایک سال مکمل ہونے سے قبل ہی ریاستی حکومت نے ان کا بھی تبادلہ کر دیا گیا ہے ۔
    
ریاستی حکومت کے تازہ حکمنامے کے مطابق گنگو بائی مانکر کی جگہ کمٹہ میں اسسٹنٹ کمشنر کی خدمات انجام دینے والی لکشمی پریا کو ضلع ڈپٹی کمشنر کے عہدے پر فائز کیا گیا ہے ۔


Share: