ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مڈیکیری میں جانور لے جانے والی گاڑی پر گولی چلائی گئی،دو افراد زخمی

مڈیکیری میں جانور لے جانے والی گاڑی پر گولی چلائی گئی،دو افراد زخمی

Tue, 13 Sep 2016 22:19:26    S.O. News Service

مڈیکیرے 13/ستمبر(ایس او  نیوز) چاہے کسی مقصد سے بڑے جانوروں کو لے جایاجارہاہو، لیکن آج کل گؤ رکھشکوں کی طرف سے ایسی گاڑیوں پرحملہ کرنا،گاڑی پر موجود افراد کوبے دردی سے پیٹ کر زخمی کرنااورجانوروں کو لوٹ لینا وغیرہ عام سی بات ہوگئی ہے۔مگر یہاں مڈیکیرے کے کگّوڈلو نامی علاقے میں جوتازہ واقعہ پیش آیا ہے اس میں بڑے جانوروں کو لے جارہی ایک گاڑی کو روکنے کے بعد اس پرگؤ رکھشکوں کی جانب سے فائرنگ بھی کی گئی ہے۔ اس حملے میں دو لوگو ں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ گائے کے بھکتوں نے قانون ہاتھ میں لے کر خونی حملہ کرتے ہوئے مڈیکیرے تعلقہ کے کونڈم نامی گاوں کے عبدالسلام (40 سال) اور پی اے بشیر(35سال) کو بری طرح زخمی کردیا ہے۔عبدالسلام جو کہ گاڑی کا ڈرائیور تھااس کے سر میں شدید چوٹیں آئی ہیں اور اسے منگلورو کے نجی اسپتال میں علاج کے لئے داخل کیا گیا ہے۔ان دو لوگوں پر اس شبہہ میں حملہ کیا تھاکہ گنپتی نامی کسی شخص کی دوگائیں چرائی ہیں اور انہیں دوسری جگہ منتقل کررہے ہیں۔ اس شک کی وجہ سے نوجوانوں کے ایک گروپ نے گاڑی روکنے کی کوشش کی اور اسی دوران وہاں پر موجود کسی نوجوان نے گاڑی پرگولیاں چلادیں۔پھر عبدالسلام اور بشیر کو گاڑی سے اتارکر ان دونوں کی بری طرح پیٹائی کرنے کے ساتھ ساتھ گاڑی بھی توڑ پھوڑ کر رکھ دی۔ 

اس واقعے کے تعلق سے زخمیوں کے رشتہ داروں اور ایس ڈی پی آئی کے رضاکاروں کا کہنا ہے کہ:" بشیر ایک کسان ہے۔ اور اس نے روزی روٹی کمانے کے لئے گنپتی سے د و بڑے جانور خریدے تھے۔ اگربشیر اور گنپتی کے فون کالس کی جانچ کی جائے گی تو دونوں کے درمیان ہونے والی گفتگو سے یہ بات ثابت ہوجائے گی۔اور بشیر کے ذریعے خریدے ہوئے یہی جانور عبدالسلام کی گاڑی میں دوسری جگہ لے جائے جارہے تھے۔ مگر جھوٹی خبر پھیلا تے ہوئے جان بوجھ کر یہ جان لیوا حملہ کیا گیا ہے۔"

لیکن صورتحال یہ بن گئی ہے کہ ایک طرف گولیاں چلاکر قتل کی کوشش کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کمار، مدھوموہن، راج، وٹھل،جیتیش اور بال کرشنا وغیرہ کے خلاف دیہی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کی گئی ہے، تو دوسری طرف خود گنپتی کی جانب سے بھی بشیر اور سلام پر گائیں چراکر لے جانے کا الزام لگاتے ہوئے پولیس میں شکایت بھی درج کردی گئی ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ پولیس کی تحقیقات سے کونسا سچ سامنے آتا ہے۔لیکن یہ بات اٹل ہے کہ آنے والے دنوں میں گؤ رکھشا کے نام پرانتہائی خطرناک اور سنگین دور کا آغاز ہوچکا ہے۔
 


Share: