راون کو دہشت گردی سے جوڑنے والے مودی کے تبصرہ کی سری لنکامیں سخت تنقید
کولمبو14اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)راون کو دہشت گردی سے جوڑنے والے وزیر اعظم نریندر مودی کے دسہرہ کے دن دیے گئے بیان کی سری لنکا میں راون کے پیروکاروں نے سخت تنقیدکی ہے۔ اورکہاہے کہ اس بیان کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے یہاں بھارتی ہائی کمیشن کوجلددرخواست سپردکی جائے گی۔ لکھنؤ میں11اکتوبر کووجے دشمی کے موقعہ پراپنی تقریر میں مودی نے راون کے ساتھ دہشت گردی کوجوڑتے ہوئے کہاتھاکہ دہشت گردی سے لڑنے والا پہلا شخص نہ تو کوئی فوجی تھا اور نہ ہی کوئی لیڈر جو بے بس سیتا کی حفاظت کے لئے راون سے لڑا تھا جن کا راون اغوا کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔’’راون سینا‘‘کی قیادت کرنے والے بودھ مذہب کے راہب اتتاپانے کہاکہ ہم دہشت گرد سے بادشاہ راون کا موازنہ کرنے والے ہندوستانی وزیر اعظم کے بیان کی مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ راون سینا اس بیان کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے یہاں بھارتی ہائی کمیشن کوجلددرخواست سپرد کرے گا۔ساددھاتسسا نے کہا کہ مودی کا بیان سری لنکا میں چل رہی مفاہمت کے عمل میں خلل ڈالتاہے۔ایک اور تنظیم نے کہا کہ راون کو رامائن میں بھی دہشت گرد نہیں بتایا گیا ہے۔