ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / ایران۔اسرائیل جنگ کے اثرات؛ خلیجی ممالک میں کشیدگی برقرار، دبئی میں میزائل ملبہ گرنے کا واقعہ، ابوظہبی میں دھماکوں کی آوازیں

ایران۔اسرائیل جنگ کے اثرات؛ خلیجی ممالک میں کشیدگی برقرار، دبئی میں میزائل ملبہ گرنے کا واقعہ، ابوظہبی میں دھماکوں کی آوازیں

Sat, 07 Mar 2026 18:11:25    S O News

دبئی 7/مارچ (ایس او نیوز): ایران پر اسرائیل اور امریکہ کی جانب سے حملوں کے بعد ایران کے مسلسل جوابی حملوں کے باعث مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کم ہوتی نظر نہیں آ رہی۔ اسی دوران ہفتہ کے روز دبئی ایئرپورٹ کے قریب میزائل حملے کی اطلاع ملی، تاہم حکام نے بتایا کہ میزائل کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا اور اس کا ملبہ گرنے کا ایک محدود نوعیت کا واقعہ پیش آیا۔ ادھر قطر میں بھی سیکیورٹی الرٹ برقرار رہا۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق دبئی اور ابوظہبی کے بعض علاقوں میں فضائی دفاعی نظام کے فعال ہونے کے دوران دھماکوں جیسی آوازیں سنائی دینے کی اطلاعات سامنے آئیں۔ دبئی کے حکام نے وضاحت کی کہ میزائل کو روکنے کے بعد اس کے ملبے کے گرنے کا واقعہ پیش آیا تھا جس پر فوری طور پر قابو پا لیا گیا۔

دبئی کے حکام نے یہ بھی واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں کہ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو نشانہ بنایا گیا۔ سرکاری بیان کے مطابق میزائل کو فضا میں تباہ کرنے کے بعد گرنے والے ملبے سے ایک محدود نوعیت کا واقعہ پیش آیا تاہم اس میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

اس دوران دبئی ایئرپورٹ کے اطراف فضائی سرگرمیوں میں کچھ خلل دیکھا گیا اور بعض طیاروں کو کچھ دیر تک فضا میں چکر لگاتے دیکھا گیا، جبکہ چند پروازوں میں تاخیر بھی رپورٹ کی گئی۔ حکام کے مطابق صورتحال کو معمول پر لانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

ادھر قطر نے سیکیورٹی جائزے کے بعد اپنی فضائی حدود کو جزوی طور پر دوبارہ کھولنے کا اعلان کیا ہے تاکہ محدود تعداد میں پروازوں کو اجازت دی جا سکے اور پھنسے ہوئے مسافروں کو نکالنے میں سہولت فراہم کی جا سکے۔

متحدہ عرب امارات کے حکام کے مطابق حالیہ حملوں کے دوران مجموعی طور پر 205 بیلسٹک میزائلوں کا سراغ لگایا گیا جن میں سے 190 کو فضائی دفاعی نظام نے تباہ کر دیا، جبکہ 13 سمندر میں گرے اور دو ملک کی حدود میں گرنے کی اطلاع ہے۔ اسی طرح 1,184 ڈرونز کا سراغ لگایا گیا جن میں سے 1,110 کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا جبکہ 74 ملک کے مختلف حصوں میں گرے۔ اس کے علاوہ آٹھ کروز میزائل بھی نشاندہی کے بعد تباہ کر دیے گئے۔

حکام کے مطابق ان حملوں کے نتیجے میں پاکستان، نیپال اور بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے تین افراد ہلاک جبکہ سو سے زائد افراد معمولی زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں مختلف ممالک کے شہری شامل ہیں۔

دریں اثنا متحدہ عرب امارات کے اٹارنی جنرل نے شہریوں اور مقیم افراد کو ہدایت دی ہے کہ وہ حملوں سے متعلق ویڈیوز یا تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے سے گریز کریں کیونکہ اس سے عوام میں خوف و ہراس پھیل سکتا ہے اور ملک کی صورتحال کے بارے میں غلط تاثر پیدا ہو سکتا ہے۔ حکام کے مطابق ضروری حفاظتی اقدامات کے ساتھ ملک میں معمول کی زندگی جاری ہے اور حالات پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔


Share: