ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مودی دور میں ہند۔ پاک تعلقات میں بہتری کا امکان کم ہے: سرتاج عزیز

مودی دور میں ہند۔ پاک تعلقات میں بہتری کا امکان کم ہے: سرتاج عزیز

Sun, 09 Oct 2016 15:45:39    S.O. News Service

اسلام آباد،9؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)پاکستان اور ہندوستان کے درمیان تعلقات میں تناؤ بدستور برقرار ہے، تاہم پاکستان کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ اُن کا ملک بھارت سے کشیدگی میں کمی کا خواہاں ہے۔وزیراعظم نواز شریف کے مشیر برائے اُمور خارجہ سرتاج عزیز نے سرکاری ٹیلی ویژن سے گفتگو میں کہا کہ ہندوستان کے موجودہ وزیراعظم نریندر مودی کے دور حکومت میں اُنھیں دوطرفہ تعلقات میں کسی بڑی پیش رفت کی توقع نہیں ہے۔میرے خیال میں جب تک مودی صاحب ہیں دوطرفہ تعلقات میں کوئی بڑی پیش رفت نظر نہیں آتی۔ لیکن اس دوران ہم یہ بھی نہیں چاہتے کہ کشیدگی بڑھے۔اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان اس ضمن میں اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔افغانستان سے پاکستان کے تعلقات کے بارے میں سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ اُن کا ملک افغان مصالحتی عمل کے لیے اپنا کردار جاری رکھا گا۔سرتاج عزیز نے کہا کہ برسلز میں افغان قیادت سے ملاقات میں اُنھوں نے اس بارے میں بھی بات کی تھی۔جو گلبدین حکمت یار کے ساتھ افغان حکومت کا معاہدہ ہوا ہے، وہ اچھا ماڈل ہے۔ اگر اُس کو آپ کہہ دیں کہ اگر کوئی اور گروپ اس ماڈل کے تحت بات چیت کرنا چاہتے ہیں تو ہم تیار ہیں، تو اس سے ممکن ہے کچھ اور گروپ آ جائیں۔


Share: