منگلورو، 22 / جون (ایس او نیوز) منگلورو مضافات میں اولیابیٹو نامی علاقے میں واقع پی ڈبلیو ڈی ٹھیکیدار پدمنابھم کوٹیان کے گھر پر نقاب پوش ڈاکووں نے شام کے وقت دھاوا بولا اور جو بھی نقدی اور زیورات ہاتھ لگے انہیں سمیٹ کر گھر والوں کی کار میں ہی فرار ہوگئے ۔
بتایا جاتا ہے کہ آٹھ سے نو لٹیرے چہرے پر ماسک لگائے ہوئے تھے اور وہ سب ٹی شرٹس اور پتلون پہنے ہوئے تھے ۔ انہوں نے زبردستی گھر میں داخل ہونے کے بعد چاقو کے نوک پر نقدی طلب کی ۔ پھر گھر والوں کو چادروں سے باندھنے کے بعد نقدی اور قیمتی چیزوں کے لئے سارے گھر میں اتھل پتھل مچا دی ۔ اس دوران انہیں جو کچھ نقدی اور زیورات ملے وہ اپنے ساتھ لے گئے ۔ فرار ہونے کے لئے انہوں نے گھر والوں کی جو گاڑی استعمال کی تھی وہ ٹھیکیدار کی رہائش گاہ سے ذرا فاصلے پر کھڑی ہوئی ملی ۔
ڈکیتی کے وقت کوٹیان نے جب لٹیروں کو روکنے کی کوشش کی تو اس پر چاقو سے حملہ کیا گیا جس کی وجہ سے کوٹیان کا ہاتھ زخمی ہوگیا اور اسے فوری طور پر شہر کے کے ایم سی ہاسپٹل میں لے جایا گیا ۔