منگلورو، 10 / جولائی (ایس او نیوز) دکشن کنڑا اور اڈپی کے علاقوں میں ڈکیتی کی وارداتیں انجام دینے والی 'چڈّی گینگ' سے وابستہ لٹیروں کو منگلورو، ہاسن اور سکلیشپور پولیس کے اشتراک اور کے ایس آر ٹی سی بس اور پرائیویٹ بس اسٹاف کے تعاون سے سکلیشپور میں گرفتار کر لیا گیا ۔
گرفتار کیے گئے لٹیرے ملزمین کی شناخت راجو سنگھانیہ (24 سال)، میور (30 سال)، بالی (22سال) اور ویکّی (21 سال) کے طور پر کی گئی ہے ۔ یہ تمام ملزمین مدھیہ پردیش کے رہنے والے ہیں ۔
خیال رہے کہ کل صبح ساڑھے تین بجے کے قریب 'چڈی گینگ' نے منگلورو کے کوٹیکانی میں واقع ایک معمر جوڑے کے گھر پر ڈاکہ ڈالا تھا اور گھر میں لوٹ مار مچانے کے بعد وہاں پر موجود کار لے کر اڈپی کی سمت میں فرار ہوگئے تھے ۔ اس کے بعد پولیس نے تفتیش کے دوران یہ کار ہیجماڈی ٹول گیٹ کے پاس پارک کی ہوئی حالت میں بازیافت کی تھی ۔
تفتیش کے دوران لوٹے گئے ہیرے کے زیورات، برانڈیڈ دستی گھڑیوں، موبائل فون، نقددی وغیرہ کی مالیت کا اندازہ 13 لاکھ روپے لگایا گیا تھا ۔ پھر یہ بات بھی معلوم ہوئی کہ ہیجماڈی میں کار چھوڑنے کے بعد لٹیرے مولکی آنے والی بس میں سوار ہوگئے ۔ بس میں موجود سی سی کیمرہ فوٹیج سے پتہ چلا کہ یہ لوگ منگلورو واپس لوٹے ہیں ۔ پولیس کی تفتیشی ٹیم نے منگلورو میں کے ایس آر ٹی سی تھرڈ ڈیویژن سے رابطہ قائم کیا اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی بیناد پر سرکاری بس ڈرائیوروں کے علاوہ پرائیویٹ بس ڈرائیوروں کے تعاون سے پتہ چلایا کہ لٹیرے منگلورو - بینگلورو بس میں سفر کر رہے ہیں ۔ اس کے بعد سکلیشپور پولیس کے اشتراک کرتے ہوئے ان لٹیروں کو تازہ واردات کی انجام دہی کے پانچ گھنٹوں کے اندر ہی سکلیشپور میں گرفتار کر لیا گیا ۔
گرفتار شدہ ملزمین کے قبضے سے قیمتی زیورات اور دستی گھڑیاں بازیافت کر لی گئیں اور اگلی کارروائی کے لئے اُوروا پولیس کے حوالے کیا گیا ۔