ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ممبر اسمبلی عابد رضا سمیت 2 لوگوں کے خلاف رنگداری اور اغوا کا مقدمہ درج

ممبر اسمبلی عابد رضا سمیت 2 لوگوں کے خلاف رنگداری اور اغوا کا مقدمہ درج

Sun, 09 Oct 2016 12:21:43    S.O. News Service

بدایوں، 8 ؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )اتر پردیش کے بدایوں صدر اسمبلی حلقہ سے سماج وادی پارٹی کے معطل رکن اسمبلی عابد رضا اور ان کے نمائندے اظہر صدیقی کے خلاف اغوا اور رنگداری کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ سنیل سکسینہ نے آج یہاں بتایا کہ بناور تھانہ علاقے کے قطب پور تھرا گاؤں کے رہائشی کسان نہال الدین کا کہنا ہے کہ2014میں اس کے بیٹے پپو کے خلاف ایک جھوٹا مقدمہ درج کرا دیا گیا تھا۔مقدمے سے بیٹے کو بچانے کے لیے وہ اپنے بیٹے اور بھتیجے کے ساتھ رکن اسمبلی عابد رضا کے گھر پر گئے تھے اور مدد کی فریاد کی تھی۔کسان کا الزام ہے کہ رکن اسمبلی رضا اور ان کے نمائندے اظہر نے اس سے 25لاکھ روپے یہ کہہ کر مانگے کہ پارٹی فنڈ میں جمع کرانے ہوں گے، جس کے بعد وہ اس کے بیٹے کا نام مقدمے سے نکلوا دیں گے۔سکسینہ نے بتایا کہ انہیں دی گئی دراخوست میں کسان کا الزام ہے کہ رضا اور اظہر نے اس کے بیٹے پپو کو کمرے میں بند کر دیا اور کہا کہ 25لاکھ روپے لے کر آؤ، ورنہ بیٹے کو جان سے مار دیں گے۔کسان کا کہنا ہے کہ بیٹیوں کی شادی کے لیے جمع کئے گئے روپے اور کچھ قرض لے کر وہ اپنے بھتیجے اسحاق کے ساتھ 28؍نومبر 2014کو عابد رضا کے گھر تک پہنچ گئے ۔الزام ہے کہ رضا نے 20لاکھ روپے لے لئے اور پانچ لاکھ روپے اظہر کو دلوا دئیے ۔روپے لینے کے بعد پپو کو چھوڑتے ہوئے کہا گیا کہ اب مقدمے سے اس کا نام نکلوا دیا جائے گا۔


Share: