لکھنؤ26؍جون (ایس او نیوز)اقلیتوں پر بڑھتے ہوئے تشدد اور حالیہ دنوں میں ہونے والے مسلمانو ں کے قتل کے واقعات کی مخالفت میں بازوؤں پر سیا ہ پٹیاں باندھ کرعیدالفطر منانے کا اعلان کرنے پر سوشیل میڈیا میں ذات پات کے بھید بھاؤ سے اوپر اٹھتے ہوئے سماج کے ہر طبقے کی طرف سے اس کی حمایت میں مہم چلائی گئی۔
مسلمانوں کی حمایت کے لئے سوشیل میڈیا پر سنیچر کے دن سے ہی "اسٹاپ کلّنگ مسلمس"(مسلمانوں کا قتل بند کرو)اور "عید ودھ بلیک آرم بیانڈ"(بازو پر سیاہ پٹی کے ساتھ عید) ہیاش ٹیاگ کے ساتھ ٹویٹر پر اس مہم کو زبردست حمایت ملی ہے۔اس مہم کو "بلیک عید2017"کا نام دیا گیا تھا۔جس میں عید کی نماز کو جانے والے تمام مسلمانوں سے بازو پر سیاہ پٹی باندھنے کی مانگ کی گئی تھی۔اس مہم کے ایک سرگرم کارکن راجیو یادو نے بتایا کہ مسلمانوں کی حمایت میں پیر کے دن عید کے موقع پر ہم بھی سیاہ پٹیاں باندھیں گے۔اس مہم کی حمایت میں آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت کے صدر نوید حمید اور زکات فاونڈیشن کے صدر ظفر محمود نے بیان جاری کیے تھے۔جس میں کہا گیا ہے کہ مسلمانوں کے خلاف ہونے والے حملوں کو روکنے میں مرکزی سرکار پوری طرح ناکام ہوگئی ہے۔اس کی مذمت کرتے ہوئے ملک بھر میں سیاہ پٹیوں کے ساتھ عید منانے کی مانگ کی گئی تھی۔
خیال رہے کہ مختلف مقامات پر کچھ دنوں سے مسلمانوں پر قاتلانہ حملے عام ہوگئے ہیں، اسی سلسلے کی ایک کڑی کے طور پر عید سے دو روز قبل ہی ۱۶ سال کے نوجوان جنید کوچلتی ٹرین میں شرپسندوں نے بری طرح پیٹ کر شہید کردیا تھا۔