ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مجاہدین خلق تنظیم مکمل طور عراق سے یورپ کوچ کر گئی

مجاہدین خلق تنظیم مکمل طور عراق سے یورپ کوچ کر گئی

Sat, 10 Sep 2016 16:35:25    S.O. News Service

بغداد،10؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)اقوام متحدہ اور ایرانی مزاحمت کی قومی کونسل نے اعلان کیا ہے کہ بغداد کے قریب ’’لبرٹی‘‘کیمپ میں مقیم ایرانی حزب اختلاف کی آخری کھیپ بھی جمعے کے روز عراق سے یورپ روانہ ہو گئی ہے۔ایرانی اپوزیشن کی تحریک نے ایک بیان میں بتایا کہ لبرٹی میں قیام پذیر افراد کا آخری گروپ جو 280سے زیادہ افراد پر مشتمل تھا ، بغداد سے البانیہ روانہ ہوگیا۔تحریک نے کوچ کی کارروائی مکمل ہونے پر اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگرچہ (ایرانی) مُلائی نظام کی جانب سے منتقلی کے آخری روز تک سازشوں ، رکاوٹوں اور مسلسل دھمکیوں کا سلسلہ جاری رہا تاہم مجاہدین خلق کی نقل مکانی کا منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچ گیا ۔بغداد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے نزدیک واقع لبرٹی کیمپ میں 2011سے ’’ایرانی مزاحمت کی قومی کونسل‘‘کے سیکڑوں کارکنان مقیم تھے۔ ’’مجاہدین خلق‘‘تنظیم 1965ء میں شاہ ایران کی حکومت کے سقوط کے مقصد سے بنائی گئی تھی۔ تاہم گزشتہ صدی میں 80ء کی دہائی میں اس کو ایران سے بے دخل کر دیا گیا جس کے بعد تنظیم کے ارکان نے عراق میں مستقل پڑاؤ ڈال لیا۔ادھر اقوام متحدہ کے ترجمان ولیم اسپینڈلر کا کہنا ہے کہ عالمی برادری کیمپ کی تمام آبادی کو دیگر ممالک منتقل کرنے میں کامیاب ہو گئی۔کیمپ کو متعدد بار حملوں کا نشانہ بنایا گیا جن میں شدید ترین کارروائی اکتوبر 2015میں کی گئی جس کے نتیجے میں 20سے زیادہ افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔’’مجاہدین خلق‘‘کے ارکان نے ایران عراق جنگ( (1980-1988کے دوران صدام حسین کی حکومت کی سپورٹ سے ابتدا میں بغداد کے شمال میں واقع اشرف کیمپ میں قیام کیا تھا۔2003میں عراق پر امریکی حملے کے بعد ان سے اسلحہ لے لیا گیا اور ایران کے قریب ہو جانے والی عراقی حکومت نے ان کو بے دخل کرنے کی کوششیں شروع کر دیں۔2012میں امریکا نے "ایرانی مزاحمت کی قومی کونسل" کا نام دہشت گرد تنظیموں کی فہرست سے خارج کر دیا جب کہ دیگر مغربی ممالک نے اس کے ارکان کی دوبارہ آبادکاری میں مدد کا وعدہ کیا۔


Share: