بنگلورو۔3؍ستمبر(ایس او نیوز)ریاست میں سود پر مالی لین دین کیلئے لائسنس کو لازمی قرار دیا گیا ہے، اسی طرح چٹی کا کاروبار کرنے کیلئے بھی متعلقہ محکمہ سے منظوری حاصل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔محکمۂ کوآپریشن کی جانب سے جاری اخباری بیان کے مطابق سودی کاروبار کیلئے سیکورٹی قرضے کیلئے سالانہ 14؍ فیصد اور غیر سیکورٹی قرضہ کیلئے سالانہ صرف 16؍ فیصد سود عائد کیا جاسکتاہے۔اگر اس سے زیادہ سود وصول کیا گیا تو یہ جرم ہوگا۔ محکمہ نے عوام سے گذارش کی ہے کہ وہ بغیر لائسنس یافتہ مالی اداروں سے کاروبار نہ کریں، اسی طرح مالی اداروں اور گروی کی دکانوں میں شرح فیصد کا بورڈ چسپاں کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اگر عوام سے افزود شرح سود وصول کیاگیا تو قانون کے مطابق چار سال کی سزائے قید اور 30؍ ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جاسکتاہے۔اگر افزود شرح سود وصول کی جائے یا بغیر لائسنس یافتہ مالی ادارے ہوں تو عوام اس کی شکایت اضلاع کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ، ڈپٹی کمشنر ، محکمۂ کوآپریٹیو سوسائٹیز کے رجسٹرار نمبر 1علی عسکر روڈ ، بنگلور 52-یا فون نمبر080-22269636 کے علاوہ اضلاع میں محکمۂ کوآپریٹیو سوسائٹیز کے رجسٹرار یا ڈپٹی رجسٹرار دفاتر سے رابطہ کرسکتے ہیں یا پولیس کنٹرول روم پر بھی شکایات درج کراسکتے ہیں۔