منگلورو 10/اکتوبر(ایس او نیوز) کچھ عرصے پہلے کٹیل مندر کی دیوی درگا پرمیشوری کی ہتک کرنے والا پوسٹ فیس بک پر شائع کرنے کے الزام میں پولیس نے ایک شخص کو ایئر پورٹ سے اس وقت گرفتار کرلیا جب وہ بحرین سے یہاں پہنچا تھا۔
مبینہ طور پر شفیع مودوبیلّے بلارے نامی شخص نے درگا پرمیشوری دیوی کے خلاف ہتک آمیزمواد فیس بک پر شائع کیا تھا جس پر پولیس نے معاملہ درج کرلیا تھا۔ اس معاملے کے خلاف عوام نے برہمی اور احتجاج کا مظاہرہ بھی کیا تھا۔مگر شفیع پولیس کے ہاتھ نہیں لگاتھا۔ اس کے فرار ہوجانے کے بعد اس کے خلاف لُک آوٹ نوٹس بھی جاری کردیا گیا تھا۔
جب بحرین سے شفیع کے واپس لوٹنے کی بھنک پولیس کو ملی تواس نے ایئر پورٹ کے دروازے پر ہی اسے گرفتار کرلیا۔بندر پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر شانتا رام نے بتایا کہ شفیع کو تحویل میں لے کر پولیس اس سے پوچھ تاچھ کررہی ہے۔