نئی دہلی،24؍نومبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) دہلی ہائی کورٹ نے فلم ’پدماوتی‘ کے خلاف دائر پٹیشن آج مسترد کر دی۔عدالت نے کہا کہ اس طرح کی عرضیاں فلم کی مخالفت کرنے والے لوگوں کو فروغ دیتی ہیں۔چیف جسٹس گیتا متل اور جسٹس سی سبز شنکر کی بنچ نے بتایا کہ عرضی کو مایوس کن اور غلط طریقے سے تیار کی گئی ۔عرضی میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ فلم کی ریلیز سے پہلے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے جو اس جانچ کرے کہ اس میں تاریخ کے ساتھ کوئی چھیڑ چھاڑ تو نہیں کی گئی ہے۔بنچ نے درخواست گزار کے وکیل سے سوال کیاکہ کیا آپ نے فلم دیکھی ہے؟ جو لوگ سینما گھروں کو آگ لگا رہے ہیں کیا انہوں نے فلم دیکھی ہے؟ اس طرح کی درخواست کے ذریعے آپ مظاہرہ کرنے والے لوگوں کا حوصلہ بڑھا رہے ہیں۔درخواست میں کہا گیا تھا کہ فلم میں مبینہ طور پر تاریخی حقائق کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی گئی ہے لہٰذا کمیٹی تشکیل کرنا ضروری ہے۔