ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / عوامی بہبودی کے پروگرام 15دسمبر تک مکمل کرلئے جائیں گے؛ بی بی یم پی کونسل اجلاس میں کارپوریٹروں کی شکایت پرمیئر سمپت راج کاتقین

عوامی بہبودی کے پروگرام 15دسمبر تک مکمل کرلئے جائیں گے؛ بی بی یم پی کونسل اجلاس میں کارپوریٹروں کی شکایت پرمیئر سمپت راج کاتقین

Fri, 01 Dec 2017 10:08:14    S.O. News Service

بنگلورو 30نومبر(ایس او نیوز) میئرسمپت راج نے کہاکہ بروہت بنگلورمہانگر پالیکے ( بی بی یم پی ) کی حدودمیں بہبودی پروگرامس 15دسمبر سے قبل مکمل کرلئے جائیں گے ۔ بی بی یم پی کی کونسل اجلاس کے دوران بہبودی پروگرامس مکمل نہ ہونے پر کانگریس، جنتادل (سکیولر) اوربی جے پی کارپوریٹران نے شکایتیں کی تھیں ۔ اس پر وضاحت کرتے ہوئے مےئر سمپت راج نے کہاکہ مذکورہ پروگرامس کے لئے ٹنڈرز طلب کریں گے۔ ٹنڈرزکی کارروائی مکمل ہوتے ہی تعمیری کام شروع کردئیے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ان پروگرامس کوعوام تک پہنچانے میں لاپروائی برتنے والے جوائنٹ کمشنراور افسران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کایقین دلایا۔ انہوں نے بتایاکہ اس سلسلہ میں پروگرامس مرتب کرنے کے لئے تبادلہ خیال کے لئے دسمبر کوایک اجلاس طلب کریں گے۔ اس خصوصی اجلاس میں تمام کارپوریٹرس، اراکین اسمبلی، اراکین پارلیمان کی بھی شرکت متوقع ہے۔ اس دوران بی بی یم پی میں برسراقتدار پارٹی کے لیڈرمحمد رضوان نواب نے کہاکہ بی بی یم پی کے سال 2017-18کابجٹ پیش کئے 6ماہ کاعرصہ گزرچکاہے اس کے باوجود ابھی تک کوئی بھی بہبودی پروگرام جاری نہیں ہواہے، سلائی مشینیں ، آئرن باکس، الیکٹریکل کٹ، سائیکل، آٹورکشا ، تین پہیہ والی گاڑیاں ، کار، لیاب ٹاپ کوابھی تک فائدہ کنندگان میں تقسیم نہیں کئے گئے ہیں ۔انہوں نے اس کی وجہ طلب کی، اس دوران رضوان نواب کی حمایت کرتے ہوئے رکن اسمبلی ستیش ریڈی نے کہاکہ بہبودی پروگرام جاری کرنے کے لئے وقت مقررکرنے کی مانگ کی اور اس میں بے توجہی کامظاہرہ کرنے والے افسران کے خلاف کارروائی کامطالبہ کیا۔ اس بیچ بی بی یم پی میں اپوزیشن پارٹی لیڈر پدمنابھ ریڈی نے کہاکہ مختلف بہبودی پروگرامس کے تحت فائدہ کنندگان تک سہولتیں فراہم کرنے والے پروگرام کے لئے وزیراعلیٰ سدارامیا نے جولائی کے ماہ میں ہی آغاز کیاتھا، لیکن افسوس کہ اس کو باقاعدہ طورپر جاری نہیں کیا ہے۔ انہوں نے مانگ کی کہ وارڈ سطح پرکمیٹیوں کی جانب سے نشاندہی کئے گئے فائدہ کنندگان کوبہبودی پروگراموں کے ذریعہ سہولتیں فراہم کی جائیں۔ بی جے پی کارپوریٹر منجوناتھ راج نے کہاکہ سال 2015-16سے سال2017-18تک جملہ 1289کروڑ روپے کافنڈ منظور کیاگیاتھا، اس فنڈ کاکتنا استعمال کیاگیاہے اورکتنی رقم بچت ہے اس تعلق سے قرطاس ابیض جاری کرنے کی مانگ کی، انہوں نے کہاکہ ان کے وارڈ میں موجود ایک کالج کی لائبریری میں کتابوں کی خریدی کے لئے 5لاکھ روپے جاری کرنے کے لئے ایک عرضی داخل کی تھی ، عرضی داخل کرنے کے بعد تین سال کاعرصہ گزر جانے کے باوجود ابھی تک فنڈ جاری نہیں کیاگیاہے۔ اس دوران کانگریس کارپوریٹر منجوناتھ ریڈی نے کہاکہ اس سے قبل بہبودی پروگرامس کے لئے درکار ٹنڈرز کوبی بی یم پی صدردفتر کے ذریعہ ہی طلب کئے جارہے تھے ،لیکن اب اس کے اختیارات جوائنٹ کمشنرز کو دےئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ زونل سطح پر طلب کردہ ٹنڈرز میں تاخیر ہونے لگی ہے اس لئے پہلے کے نظام ہی کوجاری کرنے کی مانگ کی ۔بی بی یم پی کمشنرین منجوناتھ پرسادنے کہاکہ ہرایک وارڈمیں درج فہرست ذاتوں اورقبائل کے 30افراد اور کمزور طبقات کے 15،افراد کے لئے علاحدہ مکانات تقسیم کئے جاسکتے ہیں لیکن درج فہرست وقبائل طبقات کے لئے مختص فنڈ کو اوبی سی طبقات پرخرچ ہرگز نہیں کیاجاسکتا، انہوں نے بتایاکہ جھونپڑپٹی علاقوں میں مقیم چندافرادکے پاس حق پترا موجود نہیں ہے، ایسے افراد کے لئے دی گئی سرٹی فکیٹ جاری کرکے انہیں علاحدہ مکان فراہم کئے جاسکتے ہیں انہوں نے بتایاکہ مرکزاورریاستی حکومتوں کی چنداسکیموں کے لئے افزود فنڈ حاصل کیاجاسکتاہے۔ 


Share: