لندن،10؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)دنیا میں لکژری اور پرتعیش کاروں کیحصول کی دوڑ کے ساتھ ساتھ اب دولت مند لوگ ایسی ہی آرام دہ، جدید سہولیات سے آراستہ اور انتہائی گراں قیمت کشتیوں سے بھی دل بہلانے کی تگ وتاز میں مصروف میں۔ حال ہی میں ایسی ہی ایک عجوبہ روزگار کشتی کی نمائش یورپی ملک موناکو میں کی گئی۔ اپنی بناوٹ، اندرونی اور بیرونی خوبصورتی اور ہمہ نوع سہولیات سے آراستہ یہ کشتی دنیا کی مہنگی ترین کشتیوں میں ایک ہے۔فی الحال تو یہ کشتی صرف نمائش کے لیے رکھی گئی ہے مگر یہ معلوم ہونا ابھی باقی ہے کہ 60ملین ڈالر مالیت کی یہ کشتی باقاعدہ فروخت کے لیے کب پیش کی جائے گی اور اس لگژری کشتی کا پہلا خریدار کون ہوسکتا ہے۔مونا میں نمائش کے لیے پیش کی گئی کشتی کو Oktoکا نام دیا گیا ہے۔ یہ دنیا کی 46جدید سہولیات سے آراستہ کشتیوں میں سب سے زیادہ پرآرام دہ اور خوبصورت ہے۔ برطانوی ذرائع ابلاغ نے Okto کے اندرونی مناظر کی چند تصاویر بھی شائع کی ہیں جن سے کشتی کی اندرونی خوبصورتی اور اس میں موجود سہولیات کا اندازہ ہوتا ہے۔یہ پانچ منزلہ کشتی ہے اور اس کے چھ کیبن ہیں۔ اس میں عملے کے 17افراد کے ساتھ 11میزبان سوار ہوسکتے ہیں۔ کشتی میں ایک بڑا ہال ہے جو اپنی خوبصورتی اور دیدہ زیبی میں اپنی مثال آپ ہے۔ اس کے علاوہ کشتی میں ایک حوض بھی ہے۔کشتی کی کھڑکیوں کا حجم عام کشتیوں کی کھڑکیوں سے بڑا ہے اور ان کھڑکیوں سے بیرونی مناظر کو زیادہ وسیع پیمانے پر دیکھا جاسکتا ہے۔ کشتی کے اندر بیٹھنے کے لیے آرام دہ سیٹیں نصب ہیں۔ اس کے علاوہ کشتی کے بیرونی اطراف میں بھی بیٹھنے کی جگہ موجود ہے۔ اس میں ایک بڑا بیڈ روم ہے جس میں آرام دہ بستر بچھائے گئے ہیں۔ ہربڑے کمرے میں ایک چھوٹا بیڈ بھی موجود ہے۔