نئی دہلی، 14/ستمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)میڈیا اہلکار دیپک چورسیا کا فون نمبرعام آدمی پارٹی کے وزیر کپل مشرا کی طرف سے ٹوئٹ کئے جانے کے بعد چورسیا کو مبینہ طور پر ملی دھمکی کے سلسلے میں پولیس نے ایک معاملہ درج کرلیا ہے۔ایک سینئر پولیس افسر نے بتایاکہ انڈیا نیوز کے ایڈیٹر ان چیف دیپک چورسیا کی بیوی انسوئیا رائے کی شکایت کی بنیاد پر صفدر جنگ انکلیو میں فوجداری مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
چورسیا کافون نمبر منگل کی شام کوعام آدمی پارٹی کے لیڈر اور دہلی ٹورزم اور واٹر ریسورس وزیرنے اپنے ٹوئیٹر اکائونٹ پر عام کیا تھا انہوں نے لکھا تھا کہ محترم دیپک چورسیا نے اپنے چینل پر میرا نجی نمبر دکھایا ہے، مجھے لگتا ہے کہ یک طرفہ معاملہ نہیں ہونا چاہیے، اس لیے میں آپ کا دونوں نمبر شیئر کروں گا، مزہ لیجئے۔
ٹوئیٹر پر نمبر عام کرتے ہی بتایا گیا ہے کہ دیپک چورسیا کو فون کالز آنے شروع ہوگئے۔ ان کی بیوی انسوئیارائے نے الزام لگایا ہے کہ 13-14/ستمبر کی درمیانی رات 11بجے سے چار بجے کے درمیان نامعلوم نمبروں سے چورسیا کو دھمکی آمیز فون کالز اور میسج آئے۔شکایت میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مشرا کی طرف سے چورسیا کا فون نمبر ٹوئٹ کرنے کے بعد فون کالز اور میسج آنے شروع ہوئے۔افسر نے کہاکہ تحقیقات شروع کردی گئی ہے، قصورواروں کی نشاندہی کی سنجیدگی سے کوشش کی جا رہی ہے۔چورسیا کے نمبر پر ہندوستان اور کینیڈا سمیت باہر سے کی گئی فون کالز اور نمبروں کی تصدیق کی جا رہی ہے۔
کپل مشرا نے بتایا کہ نیوز چینل پرپہلا میرا نمبر عام کرنے والے دیپک چورسیا تھے، جنہوں نے اپنے چینل پر چکن گنیا کو لے کر ایک پروگرام میں ان کا نمبرعام کیا تھا، اُن کی جانب سے نمبرچینل پر دکھائے جانے کے بعد اُنہیں سینکڑوں لوگوں نے کالس کیا اور مسیجس بھیجے جس میں کئی کالس میں اُنہیں گالیاں بھی دی گئی اور دھمکیاں بھی دی گئیں۔ مشرا کے مطابق میرا نمبر ٹی وی چینل پر عام کرنا غلط تھا۔
البتہ بعد میں کپل مشرا نے چورسیا کے نمبر والا اپنا ٹوئٹ ڈیلیٹ کر دیا۔