نئی دہلی، 23/ جون (ایس او نیوز /ایجنسی) ہندوستان اور بنگلہ دیش نے کنکٹی ویٹی، تجارت اور ساجھیداری کی بنیاد پر اپنے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے ، سرحد پار نقل و حمل کی سہولیات کو بڑھانے اور جامع اقتصادی اشتراک کے معاہدے پر بات چیت شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ یہاں حیدرآباد ہاؤس میں وزیر اعظم مودی اور بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ کے ساتھ وفود کی سطح کی میٹنگ میں یہ فیصلے کئے گئے۔ دونوں لیڈروں کی ملاقات کے بعد باہمی تعاون کے ۱۰؍معاہدوں اور دستاویزات پر دستخط اور تبادلہ کیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی ۱۳؍ اعلانات بھی کئےگئے۔ مودی نے اعلان کیا کہ علاج و معالجہ کیلئے ہندوستان آنے والے بنگلہ دیشی شہریوں کیلئے ای میڈیکل ویزا کی سہولت شروع کی جائے گی۔انہوں نے اپنے پریس بیان میں کہا کہ بنگلہ دیش ہمارے پڑوسی فرسٹ، ایکٹ ایسٹ پالیسی، ویژن ساگر اور انڈو پیسیفک ویژن کے سنگم پر واقع ملک ہے۔ صرف پچھلے ایک سال میں ہم نے مل کر بہت سے اہم عوامی فلاحی منصوبے مکمل کئے ہیں جس سے دونوں طرف کے عوام کو بھرپور فائدہ ہوا ہے۔ مودی نے بتایا کہ ہند -بنگلہ دیش کا چھٹا سرحد پار ریل رابطہ اکھاوڑہ سےاگرتلہ کے درمیان شروع ہو گیا ہے۔
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ہندوستان اور بنگلہ دیش نے گنگا آبی معاہدے پر نظرثانی کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔ ترقیاتی کاموں میں بنگلہ دیش کو ہندوستان کا سب سے بڑا ساجھیدار بتاتے ہوئے مودی نے کہا کہ ہندوستان بنگلہ دیش کے ساتھ اپنے تعلقات کو سب سے زیادہ ترجیح دیتا ہے۔ واضح رہے کہ بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ ۲؍ دن کے ہندوستانی دورے پر ہیں۔ رواں ماہ شیخ حسینہ کا یہاں کا یہ دوسرا دورہ ہے۔ وہ مودی کی تقریب حلف برداری میں بھی ہندوستان آئی تھیں۔ مودی نے اس موقع پر منعقدہ پریس کانفرنس میں کہا کہ دونوں ممالک نے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، بحری اور خلائی شعبے کے اقدامات اور دفاعی پیداوار اور انسانی وسائل کی ترقی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔مودی نے بنگلہ دیش کے بانی صدر بنگ بندھو شیخ مجیب الرحمن کے مستحکم، خوشحال اور ترقی پسند بنگلہ دیش کے خواب کو پورا کرنے میں بنگلہ دیش کی حمایت کرنے کے ہندوستان کے عزم کا اعادہ کیا۔مودی نے کہا کہ آج ہم نے نئے شعبوں میں تعاون کےلئے مستقبل پر مبنی ویژن تیار کیا ہے۔ گرین پارٹنرشپ، ڈیجیٹل پارٹنرشپ، بلیو اکانومی، اسپیس وغیرہ جیسے کئی شعبوں میں تعاون پر طے پانے والے اتفاق رائے سے دونوں ممالک کے نوجوانوں کو فائدہ ہوگا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اب ہم ڈیجیٹل اور توانائی کے رابطے پر زیادہ زور دیں گے۔ اس سے دونوں ممالک کی معیشتوں کو تقویت ملے گی۔ انہوں نے بتایا کہ بنگلہ دیش ۲۰۲۶ء میں ترقی پذیر ممالک کی فہرست میں شامل ہونے جا رہا ہے اس کے لئے میں وزیر اعظم شیخ حسینہ کومبارکباد دیتا ہوں۔اپنے بیان میں شیخ حسینہ نے ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تاریخی تعلقات کو یاد کیا اور بنگلہ دیش کے ترقی پذیر ملک بننے کی خواہش کو پورا کرنے میں ہندوستان کے تعاون کی تعریف کی۔ انہوں نے مودی کو ڈھاکہ کے دورے کی دعوت بھی دی۔