ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / شام میں جنگ بندی دم توڑنے لگی، حلب پر بمباری شروع

شام میں جنگ بندی دم توڑنے لگی، حلب پر بمباری شروع

Tue, 20 Sep 2016 11:11:24    S.O. News Service

دمشق ،19؍ستمبر (ایس او نیوز ؍ آئی این ایس انڈیا )شام میں ایک ہفتہ قبل امریکہ اور روس کی جانب سے اتفاق رائے سے شروع کی گئی عارضی جنگ بندی ایک بار پھر ناکامی سے دوچار ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق جنگ بندی کے ایک ہفتے میں پہلی بار شمالی شام کے حلب شہر میں بمباری شروع کردی گئی ہے۔ انسانی حقوق کی صورت حال پرنظر رکھنے والے ادارے آبزرو یٹری برائے انسانی حقوق کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک ہفتے کے سکون کے بعد حلب میں دوبارہ لڑائی شروع ہوگئی ہے۔بیان میں کہا گیاہے کہ رات گئے حلب کی کرم الجبل، کرم البیک، صاخور اور الشیخ خضر کالونیوں میں بمباری کی گئی جس کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں تاہم بمباری سے جانی نقصان کی مکمل تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔درعہ شہر میں داعل کے مقام پر بیرل بم حملوں کے نتیجے میں متعدد افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔روسی وزارت خارجہ نے اتوار کے روز ایک بیان میں خدشہ ظاہر کیا ہے کہ حلب میں کشیدگی ایک بار پھر پیدا ہونے لگی ہے۔ اپوزیشن کے گروپ شامی فوج کے ٹھکانوں پر بڑے پیمانے پرحملوں کی تیاری کررہے ہیں۔دوسری طرف شامی اپوزیشن کے رکن محمد علوش نے روسی الزامات کی سختی سے تردید کی۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جنگ بندی توڑمیں پہل نہیں کرے گی۔ علوش کا کہنا تھا کہ اسدی فوج اور ان کے حامیوں کی جانب سے جنگ بندی کی 220خلاف ورزیاں کی جا چکی ہیں اور روس جنگ بندی کی خلاف ورزی اور کشیدگی کا ذمہ دار اپوزیشن کو ٹھہرا رہا ہے۔ادھر اقوام متحدہ نے جنگ دوبارہ چھڑنے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حلب میں جنگ سے متاثرہ افراد تک امدادی سامان پہنچانے سے قبل ہی لڑائی دوبارہ شروع ہوگئی ہے۔اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ امدادی سامان سے لدے ٹرک حلب کے راستے میں جگہ جگہ رکے ہوئے ہیں۔خیال رہے کہ شام میں تازہ کشیدگی اور جنگ بندی ٹوٹنے کا خطرہ اس وقت پیدا ہوا جب ہفتے کے روز امریکی جنگی طیاروں نے ایک سو کے قریب شامی فوجی ہلاک کر دیے تھے۔


Share: