ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سرکاری زمینات پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی:سدرامیا

سرکاری زمینات پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی:سدرامیا

Thu, 01 Sep 2016 14:03:17    S.O. News Service

بنگلورو31؍اگست(ایس او نیوز)وزیر اعلیٰ سدرامیا نے آج بتایاکہ قانون کا موثر نفاذ بے حد ضروری ہے۔ کندایہ بھون میں اراضی تحویل کے معاملات کی سماعت کیلئے خصوصی عدالت کا افتتاح کرنے کے بعد انہوں نے بتایاکہ بنگلور میں تقریباً 1.23لاکھ ایکڑ سرکاری زمین موجود ہے۔ جس میں سے 3411 ایکڑ زمین پر قبضہ جات ہوئے ہیں۔ جن میں سے پارک اور دیگر ضروریات کیلئے مختص 16596 ایکڑ زمین کو تحویل میں نہیں لیا جاسکا، جبکہ 15641 ایکڑ زمین کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ خصوصی طور پر ان کے دور اقتدار میں تقریباً چھ ہزار ایکڑ زمین کو تحویل میں لیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے بتایاکہ سرکاری زمینات پر غیر قانونی قبضہ کرنے والے افراد کافی بارسوخ ہیں ،اور ان کا تصور ہے کہ وہ اپنی دولت سے سب کو خرید سکتے ہیں، مگر سرکاری زمینات پر قبضہ کرنے والوں کو ہرگز بخشا نہیں جائے گا۔سخت قوانین کی موجودگی کے باوجود بھی سرکاری زمینات پر قبضہ جات کا سلسلہ جاری ہے۔ جس کے پیش نظر ایسے معاملات کی عاجلانہ یکسوئی کیلئے خصوصی عدالت کے قیام کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ اس عدالت میں ڈپٹی کمشنر سمیت 5؍ اراکین کی کمیٹی موجود رہے گی۔ جس کے صدر کے طور پر ریٹائرڈ جج ایچ این نارائن خدمات انجام دیں گے۔عدالت کے قیام کی اطلاع کے ساتھ ہی قابضوں کی نیندیں حرام ہوگئی ہیں۔ وزیر مالگذاری کاگوڈ تمپا نے بتایاکہ عدالت کے قیام سے زیادہ قانون کے موثر نفاذ کی ضرورت ہے۔انہیں اس خصوصی عدالت پر پورا اعتماد ہے کہ وہ قابضوں کو سخت سزا دے گی۔ جس کیلئے مزید عملے کے تقرر کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ وزیر قانون وپارلیمانی امور ٹی بی جئے چندرا نے بتایاکہ بحیثیت وزیر قانون آج ان کیلئے نہایت اہم دن ہے، کیونکہ آج سے ہی خصوصی قانون کا نفاذ عمل میں آرہاہے۔ وزیراعلیٰ نے اس خصوصی عدالت کے قیام کے ذریعہ اپنی جوانمردی کا مظاہرہ کیا ہے۔عدالت کا دائرۂ کار ریاست بھر میں رہے گا۔خصوصی طور پر شہری علاقوں میں قبضہ جات کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ اس موقع پر خصوصی عدالت کے صدر ایچ این نارائن ، محکمۂ مالگذاری کے پرنسپل سکریٹری ای وی رمناریڈی ، ریجنل کمشنر جینتی کے علاوہ دیگر موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر وی شنکر نے استقبال کیا، اور بنگلور نارتھ کے اسسٹنٹ کمشنر رنگناتھ نے شکریہ ادا کیا۔


Share: