ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سدرامیا کاویری مسئلہ مودی کے گلے باندھنے کی کوشش میں: یڈیورپا

سدرامیا کاویری مسئلہ مودی کے گلے باندھنے کی کوشش میں: یڈیورپا

Sat, 17 Sep 2016 11:56:49    S.O. News Service

بنگلورو16؍ستمبر(ایس او نیوز) سابق وزیر اعلیٰ اور ریاستی بی جے پی صدر بی ایس یڈیورپا نے کاویری آبی تنازعہ کے سلسلے میں ریاستی حکومت کی طرف سے مرکزی حکومت کے مداخلت کے اصرار کو غلط قرار دیا ہے۔ اور کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سدرامیا اپنی ذمہ داری سے دامن بچانے کیلئے کاویری کا سارا تنازعہ وزیراعظم مودی کے گلے باندھنے کی کوشش کررہے ہیں۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے یڈیورپا نے کہاکہ کاویری معاملے میں وزیر اعظم مودی مداخلت نہیں کریں گے یہ جانتے ہوئے بھی ریاستی حکومت غیر ضروری طور پر اسے ایک معاملہ بناتے ہوئے اپنی ذمہ داری سے بچنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کاویری معاملے میں سدرامیا کا واحد مقصد وزیراعظم مودی کو بدنام کرنا نظر آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں جبکہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آچکا ہے، اسی لئے وزیر اعظم اس میں مداخلت نہیں کرسکتے۔ کانگریس لیڈران اسے سیاسی رنگ دینے کیلئے معاملہ وزیراعظم پرتھوپنے کی کوشش کررہے ہیں۔ برہت بنگلور مہانگرپالیکے میں جنتادل (ایس) بی جے پی مفاہمت نہ ہونے کا اشارہ دیتے ہوئے یڈیورپا نے کہاکہ کمار سوامی کی طرف سے میئر کے عہدہ کیلئے رکھی گئی شرط ان کے علم میں آئی ہے، بی جے پی کو یہ شرط قطعاً منظور نہیں ہے۔ ویسے بھی جنتادل (ایس) کے ساتھ مفاہمت کے سلسلے میں اب تک کوئی بات چیت نہیں کی ہے۔


Share: