ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ریاست میں پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف بھٹکل میں بی جے پی کا احتجاجی مظاہرہ

ریاست میں پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف بھٹکل میں بی جے پی کا احتجاجی مظاہرہ

Thu, 20 Jun 2024 19:57:12    S.O. News Service

بھٹکل 20/جون (ایس او نیوز) وزیر اعظم نریندرا مودی کی قیادت والی مرکزی حکومت کی طرف سے گزشتہ کئی برسوں تک پٹرول، ڈیزل، رسوئی گیس کے علاوہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کرتے ہوئے عوام کو جس طرح لوٹا اور پریشانیوں میں مبتلا کیا گیا اس پر دم نہ مارنے والی بی جے پی اب ریاست میں پٹرول اور ڈیزل میں ذرا سا اضافہ ہونے پر کانگریسی حکومت کے خلاف ریاست گیر پیمانے پر واویلا مچانے میں مصروف ہوگئی ہے۔ 

اسی سلسلے کی ایک کڑی کے طور پر بھٹکل میں بی جے پی کی طرف سے موٹر کار کو رسی سے باندھ کر سڑک پر کھینچتے ہوئے احتجاجی مظاہرا کیا گیا، جس میں وزیر اعلیٰ سدا رامیا کی ریاستی کانگریسی حکومت نے پٹرول اورڈیزل کی قیمتوں میں جو اضافہ کیا ہے اسے واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔ اس دوران اسسٹنٹ کمشنر کے توسط سے گورنر کے نام میمورنڈم پیش کیا گیا۔

 میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ ریاستی حکومت کی طرف سے اچانک پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کی وجہ سے موٹر گاڑیوں کے مالکان پر بوجھ بڑھ گیا ہے۔ اس کے علاوہ اس کا اثر عام اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر بھی پڑے گا جو عام آدمی کے لئے پریشانیوں کا باعث ہوگا۔ ریاستی حکومت کی گارنٹی اسکیموں پر عمل پیرائی کے لئے رقم جمع کرنے کے مقصد سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں اضافہ کیا گیا ہے۔ ریاستی حکومت نے لوک سبھا انتخابات کے نتائج سامنے آنے کے بعد قیمتوں میں اضافہ کا اعلان کیا ہے۔ اس لئے گورنر سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ریاستی حکومت کو عوام کے مفادات کے پیش نظر تیل کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کی ہدایت جاری کریں۔

میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ کانگریسی حکومت اقتدار پر آنے کے بعد کوئی ترقیاتی کام نہیں ہو رہے ہیں۔ گارنٹی اسکیموں کو ہی ترقیاتی منصوبہ مانا جا رہا ہے۔ ریاست میں لا اینڈ آرڈر کی حالت روز بروز خراب ہوتی جا رہی ہے۔ قتل، لوٹ مارجیسی وارداتیں بڑھ گئی ہیں۔ غیر قانونی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ ان سب پر روک لگانے کا کام ہونا چاہیے۔

احتجاجی مظاہرے کے دوران شمس الدین سرکل پر تھوڑی دیر کے لئے نیشنل ہائی وے پر ہی دھرنے پر بیٹھ گئے اور کچھ دیر کے لئے راستہ روکا گیا۔ سابق ایم ایل اے سنیل نائک، بی جے پی لیڈر گووند نائک، بی جے پی ضلع سیکریٹری شریکانت نائک، مہیلا مورچہ ضلع صدر شیوانی شانتا رام وغیرہ نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کانگریسی حکومت پر بدعنوانی، سرکاری خزانے کی لوٹ اور عوامی مفاد کے خلاف کام کرنے کے الزامات لگائے" اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر نئینا نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین سے میمورنڈم وصول کیا۔ 

ایسا لگتا ہے کہ ریاستی کانگریسی حکومت کی طرف سے پیٹرول اور ڈیزل کے ٹیکس میں معمولی اضافہ کی وجہ سے بی جے پی کو کانگریس حکومت کے خلاف عوامی سطح پر احتجاجی مورچہ کھولنے کا موقع ہاتھ لگ گیا ہے اور وہ پوری ریاست میں اس کا بھرپور فائدہ اٹھانا چاہتی ہے۔ 


Share: