بنگلورو31؍اگست(ایس او نیوز)کرناٹک کو ایرو اسپیس شعبے میں فروغ دینے کے مقصد سے ریاست میں ایرو اسپیس پالیسی 2013-23 ترمیمی مسودہ کو آج ریاستی کابینہ نے منظوری دے دی۔ وزیر اعلیٰ سدرامیا کی قیادت میں منعقد کابینہ اجلاس کے بعد اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر قانون وپارلیمانی امور ٹی بی جئے چندرا نے بتایاکہ عالمی سرمایہ کاری کانفرنس کے دوران ہوئے معاہدوں کے مطابق 14520 کروڑ روپیوں کی سرمایہ کاری کی 33؍ تجاویز کو منظوری دی گئی۔ انہوں نے بتایاکہ ٹمکور ضلع میں ہیلی کاپٹر یونٹ ، چترادرگہ ضلع کے چلکیرے میں دفاعی ریسرچ وڈیولپمنٹ سنٹر خدمات انجام دے رہا ہے اور ایرو اسپیس کی تقریباً 40فیصد ضروریات کرناٹک کے ذریعہ ہی پوری ہورہی ہیں ، جس کے سبب اس شعبے میں روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ان کے مطابق ریاست میں میڈیسن پالیسی میں بھی چند تبدیلیاں لانے کا فیصلہ لیاگیا ہے۔ ریاست میں7پیارا میڈیکل اداروں کے قیام کیلئے بھی منظوری دی گئی ہے، جس سے تقریباً 320 افزود نشستیں منظور ہوں گی۔ محکمۂ پولیس کیلئے 50 نئی بسوں اور 200ہوئسلا کے علاوہ گروڈا طرز کی گاڑیوں کی خریدی کیلئے 14.31 کروڑ روپے منظورکئے گئے۔ مسٹر جئے چندرا نے بتایاکہ شہر بنگلور میں ٹریفک اژدہام پر قابو پانے کیلئے محکمۂ شہری ترقیات کی جانب سے پیش کردہ ٹریفک نظام جاری کرنے کا بھی فیصلہ لیاگیا۔ شہر بنگلور میں میٹرو کے سوا 42کلومیٹر سب اربن ٹرین نظام کیلئے محکمۂ شہری ترقیات کی جانب سے پیش کردہ تجویز کو بھی منظوری دی گئی۔جمالا اور وجئے پور ریلوے اسٹیشن کے درمیان اوور برڈج کی تعمیر کیلئے بھی منظوری دی گئی۔ رشوت قبول کرنے کے الزامات کا سامنا کررہے یادگیر ضلع کے ڈاکٹر پروین کمار کو لازمی سبکدوش کرنے کا فیصلہ لیا گیا اور شیموگہ ضلع کے اے ای او راما شٹی کو برخاست کرنے کا بھی فیصلہ لیاگیا۔ جبکہ محکمۂ ریشم کے اڈمنسٹریٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے جلاپتی کو وزیر اعلیٰ کا او ایس ڈی مقرر کرنے کا فیصلہ لیاگیا۔