ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / روس کا امریکہ پرداعش سے گٹھ جوڑ کا الزام

روس کا امریکہ پرداعش سے گٹھ جوڑ کا الزام

Sun, 18 Sep 2016 15:45:30    S.O. News Service

ماسکو ، 18؍ستمبر (ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )شام کے دیر الزور شہر میں امریکا کے فضائی حملیمیں شامی فوجیوں کی ہلاکتوں کے بعد روس نے شدید رد عمل ظاہر کرتے ہوئے الزام عاید کیا ہے کہ واشنگٹن شدت پسند گروپ داعش کے ساتھ ساز باز کی پالیسی پرعمل پیرا ہے۔روسی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دیر الزور میں ہفتے کے روز امریکی فوج نے شام کی سرکاری فوج پر فضائی حملہ کر کے داعش کو حملوں میں مدد فراہم کی ہے۔وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ماسکو دیرالزور میں امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے حملوں کو داعش کے ساتھ کھلم کھلا تعاون پر محمول کرتا ہے۔اگرچہ دوسری جانب امریکی فوج نے تسلیم کیا ہے کہ دیرالزور میں غلطی سے شامی فوج نشانہ بنی ہے۔ جیسے ہی یہ معلوم ہوا کہ حملے کا نشانہ داعش نہیں بلکہ سرکاری فوج بن گئی ہے تو حملہ روک دیا گیا تھا۔خیال رہے کہ ہفتے کے روز امریکی جنگی طیاروں نے دیرالزور میں امریکہ کے فضائی حملوں میں کم سے کم 80شامی فوجی ہلاک اور دسیوں زخمی ہو گئے تھے۔ اس واقعے پر روس سمیت شامی حکومت کے حامیوں کی طرف سے شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔ دوسری جانب امریکی حملے پرغور کے لیے سلامتی کونسل کا اجلاس بھی طلب کر لیا گیا ہے۔روسی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکہ کے شام میں تازہ حملوں نے جنگ بندی کو شدید خطرے سے دوچار کر دیا ہے۔ ماسکو نے شام کی اعتدال پسند قوتوں پر بھی فائربندی ناکام بنانے کا الزام عاید کیا ہے۔امریکہ اور روس میں تازہ کشیدگی ایک ایسے وقت میں پیدا ہوئی ہے جب دونوں ملکوں نے طویل بات چیت کے بعد جنگ زدہ علاقوں میں امدادی کاموں کی بحالی کے لیے عارضی طور پر جنگ بندی کا ایک معاہدہ کیا ہے۔ فریقین ایک دوسرے پر اس معاہدے کی خلاف ورزیوں کا بھی الزام عاید کر چکے ہیں۔


Share: