چنئی،7 ؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )کانگریس نائب صدر راہل گاندھی آج تمل ناڈو کی وزیر اعلی جے للتا کا حال چال جاننے کے لئے یہاں اپالو ہسپتال گئے اور کہا کہ ان کی حالت میں بہتری آ رہی ہے اویر کچھ دن میں وہ صحت مند ہو جائیں گی۔بخار اور جسم میں پانی کی کمی کی شکایت کے بعد جے للتا کو حال ہی میں ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ہسپتال جانے کے بعد راہل نے اپنے مختصر تبصرے میں کہا کہ میں وزیر اعلی کو اپنی حمایت اور کانگریس صدر کی حمایت دینا چاہتا تھا۔راہل نے کہا کہ وزیر اعلی کی صحت میں بہتری آ رہی ہے اور وہ جلدی صحت مند ہو جائیں گی۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ میں جے للتا جی کو مکمل حوصلہ دینا چاہتا تھا تاکہ وہ جلد سے جلد صحت مند ہوں،ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ انہوں نے ان کے جلد صحت مند ہونے کی دعا کی۔کانگریس نائب صدر یہاں ہوائی اڈے پر پہنچنے کے بعد براہ راست ہسپتال پہنچے اور اس وارڈ میں گئے جہاں جے للتا کا علاج چل رہا ہے۔ڈاکٹروں نے انہیں انا ڈی ایم کے سربراہ کے علاج کے بارے میں معلومات دی۔راہل کے ساتھ ریاستی کانگریس سربراہ سو ترونوککراسر بھی تھے۔راہل کا چنئی کا یہ سفر بہت ہی مختصر تھا،وہ دن میں تقریبا سوا گیارہ بجے یہاں پہنچے اور قریب ایک بجے دہلی لوٹ گئے،بخار اور جسم میں پانی کی کمی کی شکایت کے بعد جے للتا کو گزشتہ 22ستمبر کو اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔