نئی دہلی، 6 /اکتوبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) پاکستان کے مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردانہ ٹھکانوں پر کنٹرول لائن پار سرجیکل اسٹرائیک کے درمیان، کانگریس نائب صدر راہل گاندھی نے آج وزیر اعظم نریندر مودی پر جوانوں کی شہادت کا سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کرنے کا الزام لگایا۔ گاندھی نے کہا کہ جو ہمارے جوان ہیں جنہوں نے اپنا خون دیا ہے، جموں اور کشمیر میں خون دیا ہے، جنہوں نے ہندوستان کے لئے سرجیکل اسٹرائیک کئے ہیں، ان کے خون کے پیچھے آپ(مودی)چھپے ہیں،ان کی دلالی کر رہے ہو،یہ بالکل غلط ہے۔گاندھی اتر پردیش میں ہونے والے انتخابات سے پہلے تقریبا ایک ماہ کی ”دیوریا سے دہلی کسان یاترا“کے اختتام کے موقع پر یہاں ایک ریلی سے خطاب کر رہے تھے۔کانگریس لیڈر نے مودی پر نشانہ لگاتے ہوئے کہاکہ ہندوستانی فوج نے ملک کے لئے اپنا کام کیا ہے، آپ کرئے۔واضح رہے کہ کچھ دن پہلے گاندھی نے مودی کی تعریف کرتے ہوئے سرجیکل اسٹرائیک کے تناظر میں کہا تھا کہ انہوں نے دو سال میں پہلی بار وزیر اعظم جیسا کام کیا ہے۔