ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / دلتوں کے نام پر دولت بٹورنے والی مایاوتی اور اکھلیش یادوکو عوام سبق سکھائے گی :بی جے پی

دلتوں کے نام پر دولت بٹورنے والی مایاوتی اور اکھلیش یادوکو عوام سبق سکھائے گی :بی جے پی

Tue, 06 Sep 2016 12:19:07    S.O. News Service

نئی دہلی، 5 ؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )مایاوتی کے حملوں پر جوابی حملہ کرتے ہوئے بی جے پی نے بی ایس پی سربراہ پر دلتوں کے نام پر دولت بٹورنے اور اپنے دور اقتدار کے دوران دلتوں اور پسماندہ طبقے کی فکر نہیں کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ اترپردیش میں’بوا ‘مایاوتی اور’ بھتیجے‘ اکھلیش یادو کی جگل بندی سے ریاست کی عوام پریشان ہے اور وہ ایس پی-بی ایس پی کے جھانسے میں مزید آنے والی نہیں ہے اور اسمبلی انتخابات میں ان لوگوں کو سبق سکھائے گی ۔بی جے پی نے کہا کہ بی ایس پی کی ریلی میں مایاوتی کی مایوسی اور ناامیدی واضح طور پر جھلک رہی تھی۔لگتا ہے کہ مایاوتی کو بھی اب یہ محسوس ہونے لگا ہے کہ اب دلتوں کے نام پر ووٹ بینک کی ان جھوٹی سیاست کی دال اتر پردیش میں گلنے والی نہیں ہے۔بی جے پی کے قومی سکریٹری سری کانت شرما نے میڈیا سے کہا کہ دلتوں کے نام پر سیاست کرنے والی مایاوتی پیسے وصولنے کا کام کر رہی ہے۔یوپی میں بدعنوانی ، جرائم اور استحصال کی پھوپھی بھتیجے کی جگل بندی سے ریاست کی عوام پریشان ہے ۔اتر پردیش کی عوام ایس پی-بی ایس پی کے جھانسے میں اب اور آنے والی نہیں ہے، وہ آنے والے یوپی اسمبلی انتخابات میں ان لوگوں کو سبق سکھائے گی ۔انہوں نے کہا کہ اترپردیش کی بہن بیٹیوں کی توہین کرنے والے نسیم الدین صدیقی جیسے لوگوں کو اتر پردیش کی عوام اب برداشت نہیں کرے گی۔مایاوتی اور اکھلیش یادو کو یہ جواب دینا ہوگا کہ اترپردیش کی بہن بیٹیوں کی توہین کرنے والے نسیم الدین صدیقی جیسے لیڈروں پر اب تک کوئی کارروائی کیوں نہیں کی گئی؟ بی جے پی لیڈر نے سوال کیا کہ آخر اکھلیش یادو کی مایاوتی سے کس طرح کی جگل بندی ہے کہ دونوں مجرموں کو سزا دلوانے کے معاملے میں خاموشی اختیار کر لیتے ہیں؟ ایس پی اور بی ایس پی کی مجرموں کو پکڑ کر انہیں سزا دلوانے کاارادہ کبھی رہا ہی نہیں، یہی وجہ ہے کہ اترپردیش میں مجرموں کے حوصلے بلند ہیں۔شرما نے الزام لگایا کہ مایاوتی نے دلتوں کے نام پر ہمیشہ ووٹ بینک کی ہی سیاست ہے۔انہوں نے دلتوں کی فلاح وبہبود کے لیے یا ان کے معیار زندگی میں تبدیلی لانے کے لیے کچھ بھی نہیں کیا۔یوپی کی عوام جانتی ہے کہ جب جب ریاست میں بی ایس پی اقتدار میں آتی ہے، دلتوں کے خلاف ظلم و ستم کا گراف بڑھ جاتا ہے۔


Share: