کاروار 17/ستمبر(ایس او نیوز) سماجی تحفظ اسکیم کے تحت درخواستیں نہ دے کر پنشن سے محروم رہنے والے مستحقین کوبھی پنشن جاری کرنے کے احکامات ضلع انچارج وزیرآر وی دیشپانڈے نے جاری کیے ہیں۔واضح رہے کہ ایسے مستحقین کی نشاندہی ضلع انتظامیہ کی طرف سے کی گئی تھی۔
سماجی تحفظ اسکیم کے تحت جسمانی معذوروں، بیواؤں، ضعیفوں کے لئے وظیفہ کے علاوہ میتری یوجنا اورمنسوینی یوجنا کے تحت مستحقین کو وظیفے دئے جاتے ہیں۔ان زمروں میں وظیفہ پانے کے لئے پہلے درخواستیں دینی ہوتی ہیں۔لیکن بعض وجوہات کی بنا پر ہزاروں مستحقین درخواستیں دے نہیں پاتے اور سرکار کی طرف سے حاصل ہونے والی پنشن سے محروم رہ جاتے ہیں۔
ضلع انچارج وزیر دیشپانڈے نے بتایا کہ جب ایسے افراد کے بارے میں ضلع انتظامیہ کو پتہ چلاتو پھر دفتری طور پر ان سے رابطہ قائم کرکے انہیں درخواستیں دینے کا موقع فراہم کیا گیاتو اب تک 9916درخواستیں ضلع انتظامیہ کو موصول ہوئی ہیں۔ان میں سے1068درخواستیں فی الحال منظور کی گئی ہیں۔273درخواستیں مختلف اسباب سے نامنظور ہوئی ہیں۔بقیہ 8575درخواستیں جائزہ اور منظوری کے مرحلے میں ہیں جسے اس ماہ کے آخر تک مکمل کیا جائے گا۔