ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / حکومت کی ناکامیوں کی نشاندہی کرنامیڈیا کی ذمہ داری: وزیراعلیٰ

حکومت کی ناکامیوں کی نشاندہی کرنامیڈیا کی ذمہ داری: وزیراعلیٰ

Mon, 10 Oct 2016 11:07:39    S.O. News Service

بنگلورو۔9اکتوبر(ایس او نیوز) وزیراعلیٰ سدارامیا نے کہا کہ میڈیا کو حق حاصل ہے کہ جب سماج یا حکومت میں خامیاں یا کوتاہیاں نظر آئیں تو ان کی نشاندہی کریں ۔ اور ان پر صحیح ڈھنگ سے تنقید کریں لیکن ذاتی وجوہات پر کسی پر کیچڑ اچھالنا یا کسی کی شخصیت کو مسخ کرنے کی کوشش نہ کی جائے ۔انہوں نے شانتی نگر کے بی ایم ٹی سی سیٹلائٹ بس اسٹانڈ کی پہلی منزل پر سدی کنڑا ٹیلی ویژن چینل کا افتتاح کرنے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ ذاتی رائے مشورہ کا سبھی کو حق ہے ۔دستور میں ہر ایک کو اپنی رائے پیش کرنے کا پورا حق ہے ۔اگر میڈیا اپنی ذمہ داری کو بخوبی انجام دے تو ہر کوئی اپنی کوتاہی سے دور رہے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت کی جانب سے غلطیاں نہ کرنے کا وہ دعویٰ نہیں کریں گے حکومت میں ہونے والی خامیوں اور کوتاہیوں کی نشاندہی کرکے اس پر تنقید کرنے کا میڈیا کو پورا حق ضرور ہے ۔لیکن کسی کی شخصیت کو مسخ کرنے کا جو رویہ اختیار کیا جاتا ہے اس سے خبروں پراعتماد برقرار نہیں رہ سکے گا۔وزیراعلیٰ نے میڈیا کو مشورہ دیا کہ وہ سماج میں پھیلی برائیوں کی روک تھام اورایک بہتر معاشرے کے قیام کے لئے درکار خبروں کو اولین ترجیح دیں ۔انہوں نے ترقیاتی کاموں میں خامیاں عام آدمی کو پہنچنے والے فوائد اورنقصان کی نشاندہی کرکے اس کو حکومت کے آگے پیش کرنے کی گزارش کی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ جب ریاست میں پینے کے پانی کی قلت ہے تو عدالت یا کسی اورکے کہنے سے تملناڈو کو پانی جاری کرنے کے حق میں نہیں ہوں۔انہوں نے بتایا کہ بنگلور اور میسور،ہاسن، ٹمکور علاقوں میں موجود دیہاتیوں کو پینے کے پانی کی فراہمی کے لئے 24 ٹی ایم سی پانی کی اشد ضرورت ہے ۔انہوں نے کہاکہ مذکورہ علاقوں میں مقیم افراد کے لئے پانی کی فراہمی ان کی اولین ذمہ داری ہے ۔خود یہاں پینے کے لئے پانی کی قلت ہو تو ہم دوسروں کے لئے پانی کہاں جاری کرسکتے ہیں ۔عدالت یا کسی اور کے کہنے سے پانی جاری نہیں کیا جائے گا یہ حکومت کا فیصلہ ہے ۔


Share: