ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / حکومت نے پارلیمانی اجلاس سے قبل 21 جولائی کو طلب کی کُل جماعتی میٹنگ، ترنمول کانگریس نہیں ہوگی شامل

حکومت نے پارلیمانی اجلاس سے قبل 21 جولائی کو طلب کی کُل جماعتی میٹنگ، ترنمول کانگریس نہیں ہوگی شامل

Wed, 17 Jul 2024 13:03:56    S.O. News Service

نئی دہلی، 17/جولائی (ایس او نیوز /ایجنسی) پارلیمنٹ کا بجٹ اجلاس آئندہ 22 جولائی سے شروع ہونے والا ہے۔ اس سے ایک دن قبل یعنی 21 جولائی کو مرکزی حکومت نے کُل جماعتی میٹنگ طلب کی ہے۔ دراصل پارلیمانی امور کے مرکزی وزیر کرن رجیجو پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں سیاسی پارٹیوں کے لیڈران سے تبادلہ خیال کریں گے۔ یہ میٹنگ 21 جولائی کی صبح 11 بجے پارلیمنٹ کے چیف کمیٹی ہال میں ہوگی۔

قابل ذکر ہے کہ بجٹ اجلاس 22 جولائی کو شروع ہوگا اور 12 اگست کو یہ ختم ہو سکتا ہے۔ اس اجلاس کے شروع ہونے سے پہلے سبھی پارٹیوں کے اراکین پارلیمنٹ کی روایتی میٹنگ ہوتی ہے جس میں پہلی بار حزب اختلاف کے لیڈر کی شکل میں کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی بھی شرکت کریں گے۔

اس کُل جماعتی میٹنگ میں ترنمول کانگریس کا کوئی نمائندہ شامل نہیں ہوگا، اس تعلق سے ترنمول لیڈر ڈیریک او برائن نے رجیجو کو خط لکھا ہے۔ انھوں نے رجیجو کو بتایا ہے کہ 30 سالوں سے 21 جولائی کو بنگال میں پارٹی کے 13 ساتھیوں کے احترام میں ’یومِ شہید‘ منایا جاتا ہے، جو کہ 1993 میں پولیس کی گولی باری میں غیر قانونی طور سے مارے گئے تھے۔ اس لیے ترنمول اراکین پارلیمنٹ میٹنگ کا حصہ نہیں بن سکیں گے۔


Share: