صنعاء،31؍اگست(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)یمن میں آئینی حکومت کے خلاف سرگرم عمل ایران نواز حوثی گروپ کے مفتی عبدالرحمان شمس الدین کو شمالی یمن کے صعدہ اور عمران شہروں کے درمیان ایک فضائی حملے میں ہلاک کردیا گیا ہے۔اطلاعات کے مطابق عرب اتحادی ممالک کے جنگی طیاروں کے ذریعے کی گئی اس کارروائی میں مفتی شمس الدین کے متعدد دیگر ساتھی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ ذرائع کے حوالے سے بتایاگیا ہے کہ حوثیوں کے مفتی کو ایک گاڑی پر سفر کے دوران نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں وہ اپنے کئی ساتھیوں سمیت ہلاک ہو گئے۔ادھر یمن کے ایک دوسرے سیکیورٹی ذریعے نے بتایا ہے کہ تعز کے مختلف محاذوں پر لڑائی کے نتیجے میں 16حوثی باغی ہلاک ہو گئے ہیں۔ تعز میں حکومتی فورسز نے الربیعی، التبہ السودا اور الخلوۃ کے مقامات باغیوں سے چھین لیے ہیں جب کہ دوسری طرح حوثی باغیوں اور علی صالح ملیشیا نے چھینے گئے علاقے دوبارہ واپس لینے کے لیے مزید کمک بھجوا دی ہے۔