احمد آباد، 13؍اکتوبر (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا)بی جے پی صدر امت شاہ نے آج کہا کہ ان کے بیٹے جے امیت شاہ کی کمپنی میں کرپشن کا کوئی سوال ہی نہیں ہے۔ حالانکہ اپوزیشن کاالزام ہے کہ محض الزام لگتے ہی ان کے لیڈروں کے خلاف تحقیقاتی ایجنسیاں لگادی جاتی ہیں۔لیکن اینٹی کرپشن پراپنے لوگوں کے خلاف اس کادوہرارویہ ہے ۔وہ نیوزپورٹل ’’دی وائر‘‘ میں شائع اس خبر کا ذکر کر رہے تھے جس میں دعویٰ کیاگیاتھاکہ سال 2014 میں بی جے پی کے اقتدار میں آنے کے بعدجے شاہ کی کمپنی کے ٹر ن اور میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے ۔ شاہ نے نیوز چینل’’ آج تک‘‘ کی طرف سے منعقد ایک پروگرام میں کہا:جے شاہ کی کمپنی میں بدعنوانی کا سوال ہی نہیں اٹھتا۔ بی جے پی کے صدر نے کانگریس پر بھی نشانہ لگایا جس نے اس خبر کو لے کر ان کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم نریندر مودی پر بھی حملہ کیا تھا۔ شاہ نے کہا کانگریس پر بدعنوانی کے کئی الزامات لگے ہیں کیا انہوں نے کبھی کوئی مجرمانہ ہتک عزت یا 100 کروڑ روپے کا ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا؟ وہ ایسے مقدمے دائر کرنے کی ہمت کیوں نہیں کرپائے؟ واضح ہوکہ جے شاہ نے ہتک عزت کا مقدمہ دائر کر دیا ہے ۔ امیت شاہ نے کہا کہ انہوں نے جانچ کی مانگ کی ہے، اب آپ تفصیلی حقائق کے ساتھ عدالت جا سکتے ہیں۔ کانگریس نے اس معاملے میں جانچ کا مطالبہ کیا ہے جبکہ بی جے پی نے ہتک عزت کامقدمہ دائر کیا ہے ۔