رانچی،یکم جولائی؍(آئی این ایس انڈیا؍ایس او نیوز) جھارکھڈ کے بی جے پی صدر تالا مرانڈی کے بیٹے پر جنسی استحصال کا الزام لگا ہے۔گوڈا کے ایس پی سنجیو کمار کے حکم پر جمعہ کو اس کے خلاف بواریجور تھانے میں ایف آئی آر درج کی گئی۔دوسری طرف مرانڈی پر بیٹے کی شادی نابالغہ سے کرانے کا الزام لگا ہے۔اطفال تحفظ کمیشن نے اس معاملے میں گوڈا کلکٹر سے 3دن میں رپورٹ طلب کی ہے۔تالا مرانڈی پر بیٹے منا مرانڈی کی شادی 11سال کی ایک لڑکی سے کرانے کا الزام لگا ہے۔کہا جا رہا ہے کہ اس کا پتہ چلنے کے بعد سی ایم رگھوور داس نے استقبالیہ میں جانے کا ارادہ بدل دیا۔منا مرانڈی کی شادی گوڈا ضلع کے بڑے سمرا گاؤں کے رہنے والے بھگن باسکی کی بیٹی سے 27جون کو ہوئی تھی۔منا کی بیوی مہگاما کے ایس ڈی این اسکول میں ساتویں کلاس کی اسٹوڈنٹ ہے۔اپوزیشن کے لیڈر ہیمنت سورین نے اس معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
گوڈا ضلع کانگریس صدر دیپکا پانڈے سنگھ نے گورنر کو خط لکھ کر معاملے میں مداخلت کرنے کی مانگ کی ہے۔اب لڑکی کی میڈیکل جانچ کرائی جائے گی،اس میں بھی عمر کم ہونے کی بات یقینی ہونے کے بعد معاملہ چائلڈ ویلفیئر کمیٹی ( سی ڈبلیو سی)کو بھیجا جائے گا۔ منا مرانڈی پر پڑوسی گاؤں کھجریا کی ایک 16سالہ لڑکی نے جنسی استحصال کا الزام لگایا ہے۔گواہ نے اس معاملے میں گوڈا کے سی جی ایم کورٹ میں مقدمہ دائر کیا ہے۔لڑکی کا الزام ہے کہ تالا مرانڈی کا بیٹا گزشتہ دو سال سے اس کا جنسی استحصال کر رہا ہے۔سی جی ایم کورٹ میں مقدمے کی کاپی پولیس کو ملنے کے بعد ایس پی نے جمعہ کو ایف آئی آر درج کرنے کاحکم دیا۔اس معاملے کی شکایت لڑکی نے جھارکھنڈ خواتین کمیشن سے بھی کی ہے۔کمیشن کی صدر مہوا ماجی نے بتایا کہ انہوں نے اس معاملے میں کارروائی کے لئے ڈی جی پی ڈی پانڈے کو لکھا ہے۔مرانڈی کے بیٹے کی شادی کسی دوسری لڑکی کے ساتھ طے ہوئی تھی لیکن جنسی استحصال کا معاملہ سامنے آنے کے بعد اس لڑکی نے شادی کرنے سے انکار کر دیا۔اس کے بعد آنا فانا میں دوسری لڑکی سے شادی طے کی گئی۔اسی لڑکی کے نابالغہ ہونے کی بات سامنے آئی ہے۔