بنگلورو16؍ستمبر(ایس او نیوز) کاویری تنازعہ کے سلسلے میں گزشتہ ہفتے بنگلور سمیت ریاست کے مختلف علاقوں میں پیش آئے پر تشدد واقعات کی مذمت کرنے کیلئے آج تملناڈو بند پر جہاں وہاں کے عوام کی طرف سے ملا جلا ردعمل دیکھا گیاتو دوسری طرف کرناٹک میں تملناڈو سے ملنے والے سرحدی علاقوں میں صورتحال کی نگرانی کیلئے غیر معمولی حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔ ہوسور روڈ پر اتی بیلے جو سرحد پر واقع ہے یہاں پر حفاظت کیلئے سریع الحرکت دستے تعینات کئے گئے تھے ، اسی طرح بنڈی پور نیشنل پارک اور مدو ملائی جنگلات جو کرناٹک تملناڈو سرحد پر واقع ہیں وہاں پر بھی سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔ خاص طور پر دونوں ریاستوں کی طرف سے گاڑیوں کی آمد ورفت کی سخت نگرانی کی گئی ۔ نجی گاڑیوں کو ادھر سے ادھر جانے سے روک دیا گیا۔ دونوں ریاستوں کی سرحدوں کے آر پار کھڑے ہوئے ہزاروں ٹرکس اور نجی گاڑیاں بسیں وغیرہ پچھلے کچھ دنوں سے سرحدوں پر ٹریفک کے اژدہام کا سبب بنے ہوئے ہیں۔کرناٹک کی طرف سرحدوں پر رکی ہوئی گاڑیوں کی حفاظت کیلئے معقول پولیس بندوبست کیاگیا ہے۔ اس دوران یہ خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ 19اور20 ستمبر کو کاویری مسئلے پر دوبارہ کاویری نگرانی کمیٹی اور سپریم کورٹ کے فیصلے کے پیش نظر دونوں ریاستوں کے مابین حالات اور بگڑ سکتے ہیں۔