ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بی جے پی ایودھیا کی طرح گجرات میں بھی کھائے گی شکست، احمد آباد میں راہل گاندھی کا دعویٰ

بی جے پی ایودھیا کی طرح گجرات میں بھی کھائے گی شکست، احمد آباد میں راہل گاندھی کا دعویٰ

Sat, 06 Jul 2024 17:26:46    S.O. News Service

احمد آباد 6/جولائی(ایس او نیوز/ایجنسی)لوک سبھا انتخابات میں جس طرح بی جے پی کو ایودھیا میں شرمناک شکست ہوئی، گجرات میں بھی بی جے پی ایسی ہی شکست سے دوچار ہونے والی ہے۔ گجرات کی عوام کو صرف ایک کام کرنا ہے اور وہ یہ کہ آپ کو ڈرنا نہیں ہے۔ اگر آپ بغیر ڈرے بی جے پی سے لڑ گئے تو بی جے پی سامنے ٹک نہیں پائے گی، یہ بات لوک سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر راہل گاندھی نے کہی۔ سنیچر کو گجرات کا دورہ کرتے ہوئے احمد آباد پہنچنے کے بعد راہل گاندھی نے کانگریس کارکنان سے ملاقات کی اور پارٹی کارکنان کی ایک تقریب سے خطاب کیا۔ راہل گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ ساتھ بی جے پی پر بھی شدید حملہ کرتے ہوئے کہا کہ کیا آپ سوچ سکتے تھے کہ ایودھیا میں بی جے پی ہارے گی، کیا آپ سوچ سکتے ہیں کہ وارانسی میں مودی کو اپنی سیٹ جیتنے کے لالے پڑ سکتے ہیں، میں آپ کو پورے وثوق سے بتارہا ہوں کہ ایودھیا کی طرح اب گجرات میں بھی بی جے پی ہارنے والی ہے۔

راہل گاندھی نے گجرات کی عوام سے کہا کہ ’’آپ نے بہت برداشت کیا ہے، بہت لاٹھیاں کھائی ہیں۔ میں آپ سے کہنا چاہتا ہوں کہ کانگریس کی ٹیم، میں، میری بہن پرینکا، سبھی سینئر لیڈران آپ کے ساتھ یہاں کھڑے ہوں گے۔ سب مل کر ان کی حکومت کو توڑیں گے۔‘‘ انھوں نے کانگریس کارکنان سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’’میں آپ سے یہاں کہنے آیا ہوں کہ انھوں نے ہمارے دفتر پر حملہ کیا ہے لیکن ہمیں ڈرنا نہیں ہے۔ انھوں نے ہمیں چیلنج دیا ہے۔ چیلنج یہ ہے کہ ہمیں مل کر بی جے پی کو گجرات میں شکست دینی ہے۔ اب کانگریس پارٹی نریندر مودی اور بی جے پی کو گجرات میں ہرائے گی۔‘‘

واضح رہے کہ کانگریس کارکنان کو خطاب کرنے کے بعد راہل گاندھی راجکوٹ گیمنگ زون، موربی پُل حادثہ، سورت آگ زنی اور وڈودرا ہرنی بوٹ حادثہ کے متاثرہ کنبوں سے ملاقات کرنے والے ہیں۔ لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر بننے کے بعد راہل گاندھی کا یہ پہلا گجرات دورہ ہے۔ لوک سبھا میں صدر جمہوریہ کی تقریر پر شکریہ کی تحریک کے دوران ہی راہل گاندھی نے کہا تھا کہ اس بار (2027 اسمبلی انتخاب) وہ گجرات میں بی جے پی کو شکست دیں گے۔


Share: