ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بی بی ایم پی میں عام تبادلوں کے منصوبے پر پانی پھر گیا

بی بی ایم پی میں عام تبادلوں کے منصوبے پر پانی پھر گیا

Sun, 04 Sep 2016 11:49:52    S.O. News Service

بنگلورو3؍ستمبر(ایس او نیوز) برہت بنگلور مہانگر پالیکے کے عملے کے بڑے پیمانے پر تبادلوں کے منصوبے پر پانی پھرتا نظر آرہا ہے، حکومت نے تاریخ میں پہلی بار بی بی ایم پی سے 1250افسران کے تبادلوں کا منصوبہ بنایا تھا۔ ان تبادلوں کیلئے پچھلے تین دن سے افسران کی کونسلنگ شروع کی گئی تھی۔گزشتہ ایک سال سے ایک ہی عہدہ پر تعینات افسران کو اور ساتھ ہی مختلف سرکاری محکموں سے بی بی ایم پی میں متعین افسران کو الگ الگ مقامات پر تعینات کرنے کی پہل کی گئی تھی۔ لیکن بی بی ایم پی کے اہم عہدوں پر قابض افسران اپنے تبادلوں کیلئے راضی نظر نہیں آرہے ہیں۔ان میں سے بعض افسران نے عام تبادلوں کو آگے بڑھانے کیلئے حکومت کی طرف سے شروع کی گئی مہم کے خلاف عدالت سے رجوع کیا ہے۔ حالانکہ عدالتوں میں ان افسران کو اسٹے آرڈر نہ ملے اس کیلئے بی بی ایم پی انتظامیہ نے پہلے ہی کیویٹ درج کردیاتھا، جس کی وجہ سے یہ توقع تھی کہ بی بی ایم پی میں پہلی بار عام تبادلے ہوں گے، لیکن بی بی ایم پی کے بدعنوان افسران نے حکومت کے ان منصوبوں پر پانی پھیر دیاہے۔اپنے اپنے سیاسی آقاؤں کے ذریعہ میئر منجوناتھ ریڈی اور دیگر بی بی ایم پی افسران پر یہ شدید دباؤ ڈالا گیا ہے کہ تبادلوں کو فی الوقت روک دیا جائے۔ہائی کورٹ کی طرف سے بھی عام تبادلے اپریل میں کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، جس کے سبب عام تبادلوں کو جاری رکھا گیاتو توہین عدالت کا مقدمہ بی بی ایم پی کو جھیلنا پڑ سکتا ہے۔ اس خوف سے بی بی ایم پی کے انتظامیہ نے عام تبادلوں کے سلسلہ پر اپریل تک روک لگادی ہے۔ 


Share: