ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بہار میں آسمانی بجلی گرنے سے 7 افراد ہلاک، وزیر اعلیٰ کی طرف سے لواحقین کو 4-4 لاکھ روپے جاری کرنے کا اعلان

بہار میں آسمانی بجلی گرنے سے 7 افراد ہلاک، وزیر اعلیٰ کی طرف سے لواحقین کو 4-4 لاکھ روپے جاری کرنے کا اعلان

Tue, 02 Jul 2024 11:14:46    S.O. News Service

پٹنہ ، 2/ جولائی (ایس او نیوز /ایجنسی) بہار کے مختلف اضلاع میں آسمانی بجلی گرنے سے 7 افراد کی موت ہو گئی، جس پر سخت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے لواحقین سے اپنی تعزیت کا اظہار کیا اور حکام کو ہدایت دی کہ وہ بغیر کسی تاخیر کے 4 لاکھ روپے کی ایکس گریشیا رقم جاری کرے۔

ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ کے مطابق اورنگ آباد میں اتوار کی شام سے پیر کی شام تک بجلی گرنے سے دو لوگوں کی موت ہو گئی۔ وہیں بکسر، بھوجپور، روہتاس، بھاگلپور اور دربھنگہ میں ایک ایک شخص کی جان چلی گئی۔

ریاستی حکومت کی طرف سے ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ نے 30 جون سے یکم جولائی کی شام تک ریاست کے 6 اضلاع میں آسمانی بجلی گرنے سے 7 لوگوں کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ مصیبت کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ اسی طرح انہوں نے حکام کو ہدایت دی کہ وہ ہلاک شدگان کے لواحقین کو فی الفور 4 لاکھ روپے کی ایکس گریشیا رقم ادا کریں۔

پریس ریلیز کے مطابق وزیر اعلیٰ نے عوام سے خراب موسم میں مکمل احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔ اپنے آپ کو آسمانی بجلی سے بچانے کے لیے ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے وقتاً فوقتاً جاری کردہ تجاویز پر عمل کرنے پر زور دیا ہے اور کہا ہے کہ خراب موسم میں گھر کے اندر ہی رہیں۔

خیال رہے کہ جنوب مغربی مانسون نے پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جس کی وجہ سے مختلف حصوں میں زبردست بارش ہورہی ہے۔ 29 جون کو ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے بہار سمیت 23 ریاستوں کے لیے اورینج الرٹ جاری کیا تھا۔ اس کے علاوہ، محکمہ موسمیات نے بہار میں مغربی چمپارن، مشرقی چمپارن، کشن گنج، سیتامڑھی، شیوہر، مدھوبنی، سپول اور ارریہ سمیت کئی اضلاع میں شدید بارش کا الرٹ جاری کیا تھا۔


Share: