بھٹکل 18/ ستمبر (ایس او نیوز) یہاں سے قریب ۱۵ کلومیٹر دور پڑوسی ضلع اُڈپی کے شیرور نیشنل ہائی وے پر ایمبولنس اور کار کے درمیان ہوئی ٹکر میں کار پر سوار ایک خاتون موقع پر ہی ہلاک ہوگئی، جبکہ دیگر چار شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو منی پال اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
اطلاع کے مطابق سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب قریب تین بجے توحید اسکول کے بالمقابل نیشنل ہائی وے پر یہ حادثہ پیش آیا۔ بتایا گیا ہے کہ بھٹکل کی ایمبولنس ایک مریض چندر شیکھر شیٹ کو کنداپور اسپتال میں داخل کرکے واپس بھٹکل لوٹ رہی تھی جس کے دوران یہ حادثہ ہوا۔

ذرائع نے بتایا کہ کار بنگلور سے ساگر کے راستے سے بھٹکل ہوتے ہوئے کولّور جارہی تھی۔ مرنے والی عورت کی شناخت جگدمبیکا (45) کی حیثیت سے کی گئی ہے جبکہ زخمیوں کی شناخت کار ڈرائیورگوتم، ائیپّا، امباری اور انوشری کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
ایمبولنس ڈرائیورراجیش کی شکایت پر کار ڈرائیور گوتم کے خلاف بیندور پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے اور پولس حادثے کی چھان بین کررہی ہے۔