بھٹکل، 11 / جون (ایس او نیوز) بھٹکل تعلقہ کے بینگرے میں امبیڈی نامی مقام پر کل دوپہر کے وقت ایک گھر میں چوری کی کوشش اس وقت ناکام ہوگئی جب گھر کے احاطے میں گھس کر بیٹھنے والے اجنبی شخص نے گھر والوں کو دیکھ کر پہاڑیوں کی طرف راہ فرار اختیار کی ۔ اس کے بعد پولیس نے ملزم کو پکڑنے کے لئے اطراف کی پہاڑیوں میں تلاشی مہم چلائی ۔
بتایا جاتا ہے کہ امبیڈی کے رہنے والا مہیندرا اپنی بیوی اور بچوں کو گھر میں چھوڑ کر اپنی ماں کے ساتھ کسی کام سے باہر گیا تھا ۔ جب دوپہر کے وقت وہ دونوں واپس لوٹے تو ان کے گھر کے احاطے میں لکڑیوں کے ڈھیر پر ایک 25-30 سالہ اجنبی نوجوان بیٹھا ہوا تھا ۔ مہیندرا اور اس کی ماں کو واپس لوٹتے دیکھ کر اجنبی شخص وہاں سے بھاگ کھڑا ہوا ۔ مہیندرا اور اس کی ماں نے اسے پکڑنے کے لئے پیچھا کیا مگر وہ پہاڑی علاقے میں فرار ہوگیا ۔
سمجھا جاتا ہے کہ اجنبی شخص ڈکیتی کی واردات انجام دینے کے مقصد سے گھر کے احاطے میں داخل ہوا تھا ۔ اس کے ہاتھ میں تولیے میں لپٹا ہوا کوئی ہتھیار ہونے کا بھی شبہ کیا جا رہا ہے ۔
اس واقعے اطلاع ملنے پر مرڈیشور پولیس اسٹیشن کی ٹیم جائے وقوع پر پہنچی مگر اسے اس اجنبی نوجوان کا کوئی پتہ نہیں چلا ۔ اسی دوران پہاڑیوں پر جانوروں کا چارہ جمع کرنے کے لئے جانے والی خواتین نے بتایا کہ کل صبح انہیں امبیڈی کے پاس واقع پہاڑی پر ٹی شرٹ اور پینٹ میں ملبوس لمبے بالوں والا ایک نوجوان نظر آیا تھا ۔
پولیس اس نامعلوم مشتبہ نوجوان کی تلاش میں سرگرم ہوگئی ہے اور امبیڈی آس پاس واقع کٹگار کوپّا، کیمری، چتراپور، بنڈیکاشی جیسے علاقوں میں لوگوں کو پوری طرح چوکنا رہنے کے لئے کہا گیا ہے ۔
