ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل پولیس کوارٹرس والے راستے کا تنازعہ - زمین کا سروے ہوا مکمل - جلد ہوگا راستہ کھولنے یا نہ کھولنے کا فیصلہ

بھٹکل پولیس کوارٹرس والے راستے کا تنازعہ - زمین کا سروے ہوا مکمل - جلد ہوگا راستہ کھولنے یا نہ کھولنے کا فیصلہ

Fri, 21 Jun 2024 19:51:04    S.O. News Service

بھٹکل،  22 / جون (ایس او نیوز) پولیس گراونڈ اور کوارٹرس کے درمیان سے گزرنے والا راستہ محکمہ پولیس کی طرف سے بند کیے جانے کے بعد جو تنازعہ کھڑا ہوا تھا اس پر جلد ہی فیصلہ ہونے کا امکان پیدا ہوگیا ہے کیونکہ اسسٹنٹ کمشنر کی ہدایت پر اس زمین کے سروے کا کام مکمل ہوگیا ہے۔

ایک زمانے سے پولیس گراونڈ کے اطراف بسنے والے عوام آمد و رفت کے لئے جو راستہ استعمال کر رہے تھے اس پر پولیس کی طرف سے تقریباً دو مہینے قبل بیریکیڈس لگاتے ہوئے موٹر گاڑیوں کے داخلے کو روک دیا گیا تھا۔ مقامی لوگوں نے سمجھا تھا کہ لوک سبھا الیکشن کے پس منظر میں یہ پولیس کی احتیاطی تدبیر ہوگی۔ لیکن الیکشن کے بعد عوام نے جب ان رکاوٹوں کو ہٹانے کا مطالبہ کیا تو پولیس نے اس سے انکار کر دیا اور اس راستے سے گاڑیوں کی آمد ورفت پر مستقل پابندی لگائے جانے کی بات کہی جس کی وجہ سے عوام اور پولیس افسران کے بیچ تکرار شروع ہوئی۔

اس مسئلے کو حل کرنے کے لئے بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر نئینا این کے دفتر میں مقامی نمائندوں اور پولیس کے ساتھ میٹنگ منعقد کی گئی۔ فریقین کی بات سننے کے بعد اے سی نے متنازعہ زمین کو سروے کروانے کے بعد اس تعلق سے فیصلہ سنانے تک وہاں پر 'جوں کی توں حالت' برقرار رکھنے کا حکم دیا تھا۔ 

اسی پس منظر میں جمعرات کے صبح سے شام تک محکمہ سروے کے اہلکاروں نے پوری زمین کا سروے کا مکمل کیا۔ اب اس سروے رپورٹ کے پس منظر میں جلد ہی اس زمین کی ملکیت کا معاملہ طے ہو جائے گا اور راستے کی رکاوٹیں ہٹانے یا برقرار رکھنے کے تعلق سے کوئی بات واضح طور سامنے آئے گی۔ 

سروے کے موقع پر مقامی عوام، عوامی نمائندے اور پولیس اہلکار موجود تھے۔ 


Share: