بھٹکل 11/ ستمبر (ایس او نیوز) یہاں تعلقہ کے صدیق اسٹریٹ میں بکروں کی منڈی پرآوارہ کتوں کے حملے میں 13 بکروں کو چیر پھاڑ کر ہڑپ کرنے کی واردات پیش آئی ہے، جبکہ بچے ہوئے دو بکروں کی حالت بھی نازک ہے۔
موصولہ اطلاع کے مطابق حوّا فوزان کی ملکیت والے 15 بکرے صدیق اسٹریٹ میں بندھے ہوئے تھے۔اور قریب ہی فوزان صاحب آرام فرمارہے تھے، رات قریب تین بجے اچانک کتوں کا ایک جھنڈ آیا اور بکروں پر حملہ آور ہوا، کچھ ہی منٹوں میں کتوں نے تمام پندرہ بکروں کی چیر پھاڑ شروع کردی، بکرے جو رسی سے بندھے ہوئے تھے، بھاگ بھی نہ سکے اور پل بھر میں کتوں کی خوراک بن گئے۔ اس سے پہلے کہ فوزان نیند سے بیدار ہوکر کچھ کرپاتے، 13 بکرے کتوں کی غذا بن چکے تھے، جبکہ دیگردو بکروں کی بھی چیر پھاڑ جاری تھی ۔
قربانی کے یہ جانور آج کل میں فروخت ہونے والے تھے، مگر اس سے پہلے ہی کتوں نے ان کو اپنا لقمہ بنالیا۔ بھٹکل میں فی بکرا سات اور آٹھ ہزار روپیہ میں فروخت کیاجارہا ہے، اس مناسبت سے ایک لاکھ سے زائد مالیت کا نقصان کا اندازہ لگایا گیا ہے۔
بکروں پر ہوئے کتوں کے اس طرح کے حملہ پر بھٹکل کے عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اور عوام اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ ان کتوں پر فوری طور پر قابو پایا جائے ورنہ یہ انسانوں پرکبھی بھی حملہ آور ہوسکتے ہیں۔