بھٹکل 7/ ستمبر (ایس او نیوز) بھٹکل تعلقہ کے بندر روڈ پر جانوروں کو پیدل لے جانے کے دوران بائک پر سوار دولوگوں کے اچانک حملہ کرنے کے بعد کچھ دیر کے لئے متعلقہ مقام پر حالات کشیدہ ہوگئے تھے، مگر پولس نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے معاملہ درج کرلیا اور حالات پر قابو پالیا۔ یہ واردات پیر کی شام کو پیش آئی۔ اگلے روز یعنی منگل کوپولس ذرائع نے دونوں نوجوانوں کو گرفتار کرنے کی خبر دی ہے۔
موصولہ اطلاع کے مطابق ھانگل کے رہنے والے اللہ بخش اور حُسین صاحب دو جانوروں کو لے کر بندر روڈ سے گذر رہے تھے کہ اچانک دو لوگ بائک پر آئے اور ان دونوں پر حملہ کیا، اس سے پہلے کہ دو نوجوان مزید کچھ کرتے اطراف کے عوام جمع ہوگئے، جنہیں دیکھ کر دونوں بائک لے کر فرار ہوگئے۔ حملہ کی خبر پھیلتے ہی کافی تعداد میں لوگ متعلقہ مقام پر جمع ہوگئے، اطلاع ملتے ہی مقامی پولس بھی جائے واردات پر پہنچ گئی۔ اللہ بخش اور حُسین صاحب کی شکایت پر کاروائی کرتے ہوئے پولس نے دونوں حملہ آوروں کو گرفتار کرلیا ۔ پولس ذرائع نے ان دونوں کی شناخت ایشور نائک اور لکشمن نائک کی حیثیت سے کی ہے۔