بھٹکل 7/ستمبر (ایس او نیوز) بھٹکل ٹائون میونسپل کونسل کے صدر کے عہدہ کے لئے محمد صادق مٹا اور نائب صدر کے عہدہ کے لئے محمد اشفاق کے ایم کو مقامی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم نے نامزد کیا ہے۔ یہ دونوں اب مورخہ 9/ ستمبر کو میونسپالٹی میں ہونے والے انتخابات میں تنظیم کی جانب سے اُمیدوار ہوں گے۔
خیال رہے کہ آج بدھ صبح مجلس اصلاح و تنظیم میں سیاسی پینل کے کنوینرعبدالرقیب ایم جے کی نگرانی میں اور تنظیم نائب صدرعنایت اللہ شاہ بندری کی صدارت میں ان دونوں کا انتخاب عمل میں آیا۔
42/ سالہ محمد صادق مٹا گذشتہ ساڑھے بارہ سالوں سے میونسپل کونسلررہ کر قوم وملت کی خدمت کرتے آرہے ہیں ۔مخدوم کالونی کے وارڈ نمبر تین سے انہوں نے لگا تار تین مرتبہ جیت درج کی ہے اور اپنے علاقہ کی ترقی کے لئے ہمیشہ کوشاں رہے ہیں، موصوف اپنے پڑوسی علاقوں کی بھی خبر گیری رکھتے ہیں اور پڑوسی وارڈوں کے مسائل حل کرنے میں بھی پیش پیش رہے ہیں۔ محمد صادق مٹا اس سے پہلے والی میعاد میں میونسپالٹی کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیرمین بھی رہ چکے ہیں۔
جناب محمد صادق مٹا بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے بھی متحرک رکن ہیں اورشعبہ سماجی خدمات کے کنوینر کے عہدہ پر فائز ہیں۔ تنظیم کی جانب سے صدارتی اُمیدوار منتخب ہونے پرصادق صاحب نے تمام لوگوں سے خصوصی طور پر دُعا کی درخواست کی ہے کہ اللہ رب العزت اُنہیں بھٹکل کے عوام کے مسائل حل کرنے میں آسانی فرمائے اور عوام کی توقع کے مطابق کام کرنے اور سبھوں کو ساتھ لے کر چلنے کی توفیق دے۔
نائب صدرکے عہدہ کے لئے تنظیم کے نامزد اُمیدوار 57/سالہ محمد اشفاق کے ایم کا تعلق خلیفہ محلہ سے ہے، مگر وہ وارڈ نمبر13 (صدیق اسٹریٹ، سلطان اسٹریٹ)، وارڈ نمبر 16 (خلیفہ اسٹریٹ، مشما اسٹریٹ، قاضیا اسٹریٹ، علوہ محلہ ) اور وارڈ نمبر21 (غوثیہ اسٹریٹ وغیرہ) علاقوں سے جملہ پانچ مرتبہ کونسلر منتخب ہوئے ہیں۔ جناب اشفاق صاحب قریب بیس سالوں سے میونسپل کونسلر ہیں اور متعلقہ علاقوں کی ترقی کے لئے ہمیشہ متحرک رہے ہیں۔ اشفاق صاحب بھی اپنے پڑوسی وارڈوں اور محلوں کا خاص خیال رکھتے ہیں اور بالخصوص ڈونگر پلی اور ڈارنٹا علاقہ کے مسائل حل کرنے میں بھی پیش پیش رہے ہیں۔موصوف چار مرتبہ میونسپالٹی کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیرمین رہ چکے ہیں اس مناسبت سے وہ کام کا بہت زیادہ تجربہ رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ بھٹکل ٹائون میونسپالٹی میں جملہ 23/ کونسلرس ہیں جس میں 15کونسلرس تنظیم کے حمایت یافتہ ہیں، اس بنا پر یہ کہا جاسکتا ہے کہ 9/ ستمبر کو ہونے والے میونسپالٹی کے صدارتی انتخابات میں ان دونوں کا صدر اور نائب صدر کے عہدہ پر جیت کر آنا انشائ اللہ طئے ہے۔