ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بورڈز اور کارپوریشنوں کیلئے تقررات دسہرہ کے بعد: سدرامیا

بورڈز اور کارپوریشنوں کیلئے تقررات دسہرہ کے بعد: سدرامیا

Sat, 08 Oct 2016 10:34:38    S.O. News Service

بنگلورو7؍اکتوبر(ایس او نیوز) سرکاری بورڈز اور کارپوریشنوں کے چیرمینوں اور نائب چیرمینوں کے عہدے کے دعو یداروں کیلئے کانگریس قیادت کی طرف سے یہ خوشخبری ملی ہے کہ دسہرہ تہوار کے فوراً بعد ان کے تقررات کردئے جائیں گے۔یہ تصدیق آج خود وزیر اعلیٰ سدرامیا نے کی اور کہاکہ دیوالی تک تمام تقررات کا عمل مکمل ہوجائے گا۔ میسور ضلع کے ٹونچی کوپل میں واقع اپنی نجی رہائش گاہ پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہاکہ پچھلی بار سرکاری بورڈز اور کارپور یشنوں کیلئے جن صدور ونائب صدور کا تقرر کیاگیا تھا ،ان کی میعاد پوری ہوچکی ہے۔ یہ عہدے اب خالی پڑے ہوئے ہیں۔ دسہرہ کے فوراً بعد تقررات کے اس عمل کو قطعیت دی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے بتایاکہ ریاست بھر میں خشک سالی کی صورتحال انتہائی سنگین ہے ۔ 110 سے زائد تعلقہ جات کو خشک سالی سے متاثرہ قرار دے دیا گیا ہے۔ اس صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے ریاستی اور مرکزی ٹیم مشترکہ کارروائی کرنے والی ہے۔ اس مرحلے میں مرکزی حکومت سے گذارش کی جائے گی کہ خشک سالی سے نمٹنے کیلئے کرناٹک کو مناسب مالی امداد مہیا کرائی جائے۔کاویری آبی ذخائر میں پانی کی سطح کا جائزہ لینے کیلئے سپریم کورٹ کی ہدایت پر مرکزی ٹیم کی آمد کا خیر مقدم کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سدرامیا نے بتایاکہ مرکزی وزارت آبی وسائل کے اعلیٰ افسر جی ایس جھا کی قیادت والی ٹیم ان دنوں کرناٹک کے دورہ پر ہے۔اس ٹیم کو کاویری کے سوکھے ہوئے آبی ذخائر ، یہاں پر لاکھوں ایکڑ فصلوں کو ہوئے نقصان وغیرہ کی جانکاری تفصیل کے ساتھ فراہم کی جارہی ہے۔ وزیر اعلیٰ سدرامیا نے آئندہ اسمبلی انتخابات میں اپنے ورونا حلقہ سے امیدواری کے متعلق سوال کے جواب میں کہاکہ ان کی یہ خواہش تھی کہ ان کے فرزند آنجہانی راکیش سدرامیا ان کے سیاسی جانشین بنیں ، لیکن قسمت کو کچھ اور ہی منظور تھا۔ سدرامیا نے کہاکہ وہ اپنے چھوٹے فرزند ڈاکٹر یتیندرا کو زبردستی سیاسی میدان میں لانے کے خواہشمند نہیں ہیں۔ چونکہ وہ ریاست کے وزیر اعلیٰ ہیں اپنے حلقہ کے امور پر مکمل توجہ نہیں دے سکتے اسی لئے یہ ذمہ داری انہوں نے پہلے راکیش کو دی تھی ، اب یتیندرا وہی ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حلقے کے عوام اگر چاہیں تو یتیندرا بھی اس حلقہ سے اپنی قسمت آزما سکتے ہیں۔ فی الوقت اس مسئلے پر وہ زیادہ بولنا نہیں چاہتے۔


Share: