ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنگلور: بی بی ایم پی اسپتالوں میں کروڑوں کی ہیرا پھیری بے نقاب

بنگلور: بی بی ایم پی اسپتالوں میں کروڑوں کی ہیرا پھیری بے نقاب

Fri, 16 Sep 2016 12:22:50    S.O. News Service

بنگلورو۔15/ستمبر(ایس او نیوز) نیشنل اربن ہیلتھ مشن کے تحت کروڑوں روپیوں کا گرانٹ حاصل کرکے اس رقم سے غیر ضروری اخراجات کرکے بی بی ایم پی کو دھوکہ دینے والے افسران کی رشوت ستانی کو خود شہر کے میئر منجوناتھ ریڈی نے بے نقاب کیا ہے، اور اس معاملے کی جانچ ٹی وی سی سی کے حوالے کرتے ہوئے سی آئی ڈی کے ذریعہ بھی تحقیقات کرانے کیلئے حکومت سے گذارش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔آج شہر کے ودیا پیٹھ سرکل، ٹی آر مل اور سدیا روڈ پر واقع بی بی ایم پی اسپتالوں کا میئر نے بی بی ایم پی ہیلتھ کمیٹی چیرمین مجاہد پاشاہ اور دیگر اعلیٰ افسران کے ہمراہ دورہ کیا۔ اس اچانک معائنہ کے دوران میئر کو اس بات کا پتہ چلا کہ اسپتال میں غیر ضروری اخراجات کیلئے نیشنل اربن ہیلتھ مشن کی رقم استعمال میں لائی گئی ہے۔ اسپتال میں تمام بنیادی انفرااسٹرکچر موجود رہنے کے باوجود غیر ضروری طور پر 20/ کروڑ روپیوں کی اشیاء خریدنے کیلئے چار ایجنسیوں کو ٹھیکہ دیا گیا ہے۔ بعض مقامات پر بغیر ٹنڈر کے فرنیچر خریدا گیا ہے۔ متعلقہ کارپوریٹرس کے علم میں لائے بغیر پانچ تا بیس لاکھ روپیوں کے سیول کام اسپتالوں میں انجام دئے جانے کا خرچ دکھایا گیا ہے۔ اسپتالوں کے اچھے ٹائلس کو نکال کر نئے ٹائلس اجازت کے بغیر بچھائے گئے ہیں۔میئر نے اس اسراف کیلئے بی بی ایم پی افسران کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہاکہ اس گھپلے میں افسران اور کنٹراکٹرس کی ملی بھگت کار فرما ہے۔ بی بی ایم پی اسپتال کے ڈاکٹر بالا سندر کی طرف سے ان کاموں کی منظوری کے اختیارات کا غلط استعمال کئے جانے اور غیر ضروری طور پر چیک پر دستخط کرکے رقم نکالے جانے کا معاملہ بھی سامنے آیاہے۔ اس پر میئر منجوناتھ ریڈی نے بی بی ایم پی کے چیف ہیلتھ آفیسر کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہاکہ چیکوں پر دستخط کرنے کا اپنا اختیار انہوں نے ان کے ماتحت کو کیوں دیا؟۔ میئر کے ہمراہ چیف ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر لوکیش اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔


Share: