ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنگلورو کے وائی ایم سی اے میدان میں جلسۂ میلادالنبیؐ کی تیاریاں مکمل

بنگلورو کے وائی ایم سی اے میدان میں جلسۂ میلادالنبیؐ کی تیاریاں مکمل

Tue, 28 Nov 2017 20:54:57    S.O. News Service

بنگلورو،28؍نومبر(ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور) امسال 2؍ دسمبر کو میلاد النبیؐ کے موقع پر شہر کا مرکزی جلسہ حسب روایت وائی ایم سی اے گراؤنڈ میں شاندار پیمانے پر منعقد کیاگیا ہے، جس میں شرکت کیلئے شہر کے مختلف تقریباً دیڑھ سو محلوں سے جلوس کی شکل میں فرزندان توحید جمع ہوں گے۔ اس مرکزی جلسہ میں خصوصی خطاب کیلئے بنگلور میں پہلی مرتبہ معروف عالم دین مولانا اظہر القادر چترویدی ، نانپوری کو مدعو کیا گیا ہے۔ یہ بات آج یہاں آل کرناٹک میلا د وسیرت کمیٹی کے سید وحید الرحمن اور جلوس محمدی کمیٹی کے سکریٹری افسر بیگ نے بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ میلاد النبیؐ کے جلوس کو پورے احترام سے نکالنے اور ماضی میں ہونے والی غیر شرعی چیزوں کو جلوس میں شامل نہ کرنے کیلئے تمام رضاکاروں کو سخت تاکید کی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جلوس کے دوران تلوار بازی، آتش بازی، ڈنڈے وغیرہ استعمال کرنے سے گریز کرنے اور صرف درود ، نعت وسلام کا ورد کرتے ہوئے جلسہ گاہ تک پہنچنے کی ہدایت سختی کے ساتھ دی گئی ہے۔ جلوس کے منتظمین کو یہ بھی سخت ہدایت دی گئی ہے کہ کسی بھی جلوس میں بیانڈ باجے کا استعمال ہرگز نہ کیا جائے۔جلوس میں اس طرح کے خرافات شامل کرنے سے تعلیمات اسلام کے متعلق برادران وطن میں غلط تاثر قائم ہوتا ہے، اسی لئے میلاد النبیؐ کے جلوس کے ادب واحترام کا اپنے طور پر لحاظ رکھیں اور برادران وطن کو بتائیں کہ اسلام نے عشق نبی کے احترام کی کس طرح تعلیم دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جب حضور اکرم ؐ کا میلاد منایا جارہاہے تو ہمارے افعال واعمال بھی حضورؐ کی تعلیمات کے مطابق ہونے چاہئیں،ان سے ہٹ کر اگر کوئی بھی حرکت ہوئی تو اس سے میلاد النبیؐ کے اہتمام کا مقصد بیکار ہوجائے گا۔ افسر بیگ نے کہاکہ جلوسوں کے دوران کسی بھی طرح کی غیر شرعی حرکت کرنے والوں پر سخت نظر رکھنے کیلئے جلوس محمدی کمیٹی کی طرف سے رضاکاروں کے خصوصی دستے پوری تربیت کے ساتھ میدان میں اتارے گئے ہیں۔خاص طور پر جلوس کے دوران بیانڈ بیاجے وغیرہ سے گریز کرنے کیلئے یہ رضاکار ہر جلوس پرنظر رکھیں گے۔ انہوں نے نوجوانوں سے گذارش کی کہ جلوس کے دوران ایسی کسی بھی حرکت سے گریز کریں جس سے لوگوں کو تکلیف ہو۔ مرکزی جلسہ گاہ میں ہونے والے جلسے میں وزیر اعلیٰ سدرامیا ، ریاستی وزراء جناب روشن بیگ ، رام لنگا ریڈی ، تنویر سیٹھ ، ایم کرشنپا ، سابق مرکزی وزراء ڈاکٹر کے رحمن خان ، سی کے جعفر شریف، اراکین اسمبلی این اے حارث ، ضمیر احمد خان ، آر وی دیوراج ، پریا کرشنا ، اراکین کونسل رضوان ارشد، سی ایم ابراہیم، ریاستی اقلیتی کمیشن کے چیرمین نصیر احمد، شہر کے میئر سمپت راج، کانگریس لیڈران وائی سعید احمد، عبیداﷲ شریف، ڈاکٹر محمد یوسف، سید شجاع الدین ، اشفاق پیراں ودیگر بطور مہمانان خصوصی شریک رہیں گے۔اجلاس میں نعت خوانی کیلئے خصوصی طور پر حیدرآباد کے معروف نعت خواں سیدعمران مصطفےٰ عطاری کو مدعو کیا گیا ہے۔اس موقع پر سید وحید الرحمن اور افسر بیگ کے علاوہ ریاستی وقف بورڈ کے اکبر ، حافظ ثنا ء اﷲ ،محمد مشتاق قادری، سید اعجازاحمد حسینی ، سمیر شریف، نور احمد ، فیاض ، ایف ایم اکبر اور دیگر ذمہ داران موجود تھے۔


Share: