ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنگلور میں ٹریفک کے مسائل کو سلجھانے کے لئے28؍ ہزار کروڑ کے منصوبے:جارج

بنگلور میں ٹریفک کے مسائل کو سلجھانے کے لئے28؍ ہزار کروڑ کے منصوبے:جارج

Sun, 09 Oct 2016 11:37:52    S.O. News Service

بنگلورو،8؍اکتوبر(ایس او نیوز)شہر میں بڑھتی ہوئی ٹریفک کے مسئلے کو سلجھانے کیلئے 28 ہزار کروڑ روپیوں کی لاگت پر مختلف منصوبے شروع کئے جارہے ہیں۔ یہ بات آج یہاں وزیر برائے ترقیات بنگلور کے جے جارج نے کہی۔ انہوں نے کہاکہ اس رقم سے تعمیر ہونے والے پراجکٹوں میں فلائی اوور ، برڈج ، سڑکوں کی کشادگی ، میٹرو وغیرہ شامل ہیں۔اس رقم سے حکومت بنگلور کے ٹریفک کے مسئلے و مستقل طور پر حل کرنے کی خواہاں ہے۔ راجہ راجیشوری نگر اسمبلی حلقہ میں آنے والے چوڈیشوری نگر رنگ روڈ میں فلائی اوور اور گریڈ سپریٹر کی تعمیر کیلئے سنگ بنیاد رکھنے کے بعد انہوں نے کہاکہ بنگلور کی ٹریفک کو قابو میں کرنے کیلئے حکومت نے پہلے ہی متعدد پروگرام ترتیب دئے ہیں۔ وزیر موصوف نے بتایاکہ میٹرو ریل پراجکٹ کے پہلے مرحلے پر کام عنقریب پورا ہونے والا ہے۔ دوسرا مرحلہ بھی شروع ہوچکا ہے، جبکہ تیسرے مرحلے پر کام عنقریب شروع ہوجائے گااس وقت تک حکومت عارضی طور پر ٹریفک کے مسائل کو سلجھانے پر توجہ دے گی۔ انہوں نے کہاکہ شہر بھر میں بنیادی ڈھانچے اور سڑکوں کی دیکھ بھال کیلئے پانچ ہزار کروڑ روپیوں کی رقم صرف کی جاتی ہے۔ اس رقم کے اصراف کو روکنے اور مستقل سہولیات کے قیام کی طرف حکومت متوجہ ہے۔اگر یہ کام مکمل ہوجائے تو شہر میں ٹریفک کی پریشانی کم ہوجائے گی۔ نگروتھانہ منصوبے کے تحت وزیراعلیٰ سدرامیا شہر بنگلور کو کافی ترجیح دے رہے ہیں اور صوبائی راجدھانی کے ٹریفک کے مسئلے کو جلد ازجل سلجھانے کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں جہاں بھی بڑے نالوں کے آس پاس انہدامی مہم چلی ہے جلد از جلد ان نالوں کو بحال کیاجائے گا تاکہ شہر میں بارش کی صورت میں پانی آسانی سے بہہ جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں پانی کی قلت کے مسئلے سے حکومت نے کافی حد تک نمٹایا ہے، آنے والے دنوں میں پانی کے سربراہی کے نظام کو اور بھی بہتر بنایا جائے گا۔ ان تمام منصوبوں کی تکمیل کے پیچھے حکومت کا واحد مقصد یہی ہے کہ بین الاقوامی سطح پر برانڈ بنگلور نے جو مقبولیت حاصل کی ہے اسے برقرار رکھا جائے۔ جارج نے بتایاکہ کیمپے گوڈا لے آؤٹ میں بی ڈی اے کی طرف سے ترتیب شدہ آٹھ سو سائٹوں کی تقسیم کا عمل عنقریب شروع کردیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ کیمپے گوڈا لے آؤٹ سے ٹمکور روڈ کو جوڑنے کیلئے ایک کشادہ سڑک تعمیر کی جائے گی۔ اس سلسلے میں مرکزی وزارت بری نقل وحمل اور تعمیرات عامہ سے بات چیت کی گئی ہے۔تقریب میں رکن پارلیمان بی کے سریش ، رکن اسمبلی منی رتنا ، بائرتی بسوراج ، میئر پدماوتی ، بی بی ایم پی کارپوریٹر موہن کمار وغیرہ موجود تھے۔


Share: