بنگلورو3؍ستمبر(ایس او نیوز) میسور کے گنڈل پیٹ تعلق میں آنے والے بنڈی پور جنگلات میں محکمۂ جنگلات کے افسران کیلئے منعقدہ کارگاہ میں شریک افسران کی موج مستی اور ہرن کاشکار کرکے اس کا گوشت کھانے کے سلسلے میں حکام کو ثبوت برآمد ہوئے ہیں۔ بنڈی پور نیشنل پارک کے احاطہ میں موجود جنگل لاڈجس میں پچھلے پانچ دنوں سے محکمۂ جنگلات کے افسران کو گشت اور نیشنل پارکوں کی دیکھ بھال کے سلسلے میں تربیتی کارگاہ کا اہتمام کیاگیا تھا۔ بنڈی پور جنگل لاڈجس اور اس کے آس پاس موجود گیسٹ ہاؤزوں میں سینئر آئی ایف ایس افسران کے قیام کا انتظام کیاگیاتھا۔ کرناٹک کے افسران نے جنگل لاڈجس میں قیام کیاتھا، جبکہ کیرلا ، تملناڈو وغیرہ کے افسران کو قریبی گیسٹ ہاؤزوں میں ٹھہرایا گیاتھا۔پانچ دنوں سے جاری تربیتی کارگاہ میں ملک کے 60 آئی ایف ایس افسران شریک ہوئے۔ جنگل میں ان لوگوں نے کھلے عام شراب نوشی کی اور جنگل کے احاطہ میں جابجا شراب کی بوتلیں پھینکی گئی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ہرن کاٹ کر اس کا گوشت پکانے کی بھی نشانیاں برآمد ہوئی ہیں۔ ریاست کے محکمۂ جنگلات کے افسران نے اس معاملے کو کافی سنجیدگی سے لیا ہے۔ اس سلسلے میں ریاستی حکومت کی طرف سے فوری پہل کے بعد اس طرح کے واقعہ پر روک لگائی گئی۔ ریاست کے چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ نے اعلیٰ افسران کی طرف سے اس طرح کی حرکت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اس کیلئے ذمہ دار عناصر پر سخت کارروائی کا اعلان کیا ہے۔