ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بارش کے سبب شہر کی بیشتر عمارتیں کمزور،دیوالی کی آتش بازی سے گریزکرنے بی بی ایم پی کا مشورہ

بارش کے سبب شہر کی بیشتر عمارتیں کمزور،دیوالی کی آتش بازی سے گریزکرنے بی بی ایم پی کا مشورہ

Tue, 17 Oct 2017 22:42:26    S.O. News Service

بنگلورو،17؍اکتوبر(ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور)بنگلوروشہر میں مسلسل بارش کی وجہ سے کثیر آبادی والے محلوں کی متعدد عمارتیں کمزور ہوچکی ہیں۔ اسی لئے ریاستی حکومت نے امسال دیوالی تہوار کے موقع پر ان محلوں میں آتش بازی احتیاط کے ساتھ کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آتش بازی کے نتیجہ میں اگر کسی عمارت کو نقصان پہنچا تو اس کیلئے حکومت کی طرف سے کسی معاوضہ کی توقع نہ کی جائے۔ برہت بنگلور مہانگر پالیکے کی طرف سے یہ رپورٹ پیش کی گئی ہے کہ شہر میں پچھلے پچاس دنوں سے جاری موسلادھار بارش کی وجہ سے جہاں زیر زمین پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے اسی وجہ سے زیر زمین حصہ نرم پڑ گیا ہے، ان حالات میں اگر بھاری آتش بازی کی گئی تو عمارتوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے ، اسی لئے ریاستی حکومت نے بڑے پیمانے پر آتش بازی سے گریز کرنے عوام کو ہدایت جاری کی ہے۔ کثیر آبادی والے علاقوں میں زیادہ آواز کرنے والے پٹاخوں کے استعمال پر بی بی ایم پی افسران نے پابندی لگاتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر اس طرح کے پٹاخے استعمال کئے گئے تو کل ایجی پورہ میں سلینڈر دھماکے کے سبب عمارت جس طرح بیٹھ گئی اسی طرح دیگر عمارتیں بھی متاثر ہوسکتی ہیں۔ زیر زمین پانی کی سطح میں اضافہ اور زمین کے نرم ہوجانے کے سبب عمارتوں کی بنیادوں پر اثر پڑنے کا اندیشہ ماہرین نے ظاہر کیا ہے۔ ساتھ ہی حال ہی میں سپریم کورٹ نے بھی فیصلہ سنایا ہے کہ دیوالی تہوار کے دوران زور دار پٹاخوں کا استعمال نہ کیا جائے۔ ریاستی حکومت نے سپریم کورٹ کے اس فیصلے کی آڑ میں کثیر آبادی والے علاقوں میں پٹاخوں کے استعمال کی صورت میں اگر عمارتوں کو نقصان پہنچا تو اس کے عوض کسی طرح کی راحت رسانی یا معاوضہ ادا نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں بی بی ایم پی نے اپنے اپنے ڈویزنوں میں افسران کے ذریعہ ایسی عمارتوں کی نشاندہی کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ جو بارش کے سبب کمزور پڑ چکی ہیں اور آتش بازی کی صورت میں متاثر ہوسکتی ہیں۔ اس سلسلے میں اثاثہ مالکوں کوبھی نوٹس جاری کئے جاچکے ہیں اور ان سے کہا گیا ہے کہ جب تک موسم پوری طرح خشک نہیں ہوجاتا وہ اپنی عمارتوں کو بچانے کیلئے احتیاط برتیں ، آتش بازی کے سبب ان کی عمارتوں کی کمزور دیواریں اگر زمین بوس ہوگئیں تو اس کیلئے بی بی ایم پی کو ذمہ دار ٹھہرایا نہ جائے۔ اس سلسلے میں بی بی ایم پی نے صوتی آلودگی سے نمٹنے کیلئے استعمال ہونے والے ضابطہ کو سختی سے نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔


Share: