ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ایکسائز ٹیم کی گاڑی کو اڑانے والے کلیدی ملزم سمیت3 گرفتار

ایکسائز ٹیم کی گاڑی کو اڑانے والے کلیدی ملزم سمیت3 گرفتار

Sat, 13 Jul 2024 17:40:22    S.O. News Service

ناسک، 13/جولائی (ایس او نیوز /ایجنسی) گزشتہ دنوں ناسک میں غیر قانونی شراب لے جانی والی ایک گاڑی نے پیچھا کرنے والی ایکسائز ڈپارٹمنٹ کی گاڑی کو اڑا دیا تھا جس میں ایک اہلکار کی موت ہو گئی تھی۔ پولیس نے اس معاملے میں اب تک 3 لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ ان میں سے کلیدی ملزم نے ایک روز قبل یعنی جمعرات ہی کو عدالت میں خود سپردگی کی تھی جبکہ دیگر 2 کو پولیس نے گجرات سے حراست میں لیا ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ ان گرفتار یو ں کے بعد مہاراشٹراور گجرات میں شراب مافیا کے  خلاف بڑے پیمانے پر  قانونی کارر وائی شروع ہو گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ پیر کو ناسک کے لاسل گائوں  میں  ایکسائز ڈپارٹمنٹ کو اطلاع ملی تھی کہ غیر قانونی شراب سے لدی ایک گاڑی گجرات کے نوساری علاقے کی طرف جا رہی ہے۔ محکمہ کی ایک ٹیم نے فوراً چاندوڑ ۔ منماڑ روڈ پر اس گاڑی کا پیچھا کیا اور ایک جگہ پہنچ کر اسے جا لیا۔ ٹیم نے اپنی گاڑی کو ٹرک کے آگے لے جا کر اسے روکنے کی کوشش کی مگر ٹرک نے رکنے کے بجائے ایکسائز ڈپارٹمنٹ کی گاڑی کو اڑا دیا گاڑی پلٹ کر کھیت میں جا گری اور ڈرائیور کی موقع ہی پر موت ہو گئی جبکہ ملزمین فرار ہو گئے۔  یہ معاملہ سرخیوں میں آیا تو محکمہ ایکسائز کے وزیر شمبھو راج دیسائی نے خود ٹویٹ کر کے خاطیوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا۔ پولیس نے جنگی پیمانے پر ان ملزمین کی تلاش شروع کر دی لیکن  ان کے ہاتھ کوئی ملزم نہیں آیا۔ ۳؍ دن بعد یعنی ۱۱؍ جولائی کو کلیدی ملزم  دیوی داس کانتی لال پٹیل خود چاندوڑ کی عدالت میں حاضر ہوا اور اس نے خود سپردگی کر دی۔ پولیس نے اس کے علاوہ ایک اور شخص کو پولیس نے حراست میں لیا۔ 

ان سے پوچھ تاچھ کے بعد پولیس کی ایک ٹیم نے گجرات جا کر سلواسا سے 2لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔  پولیس نے ان کے پاس سے ۲؍ فور وہیلر بھی ضبط کی ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ پولیس کو غیر قانونی شراب کے ایک بڑے ریکٹ کا پتہ چلا ہے اور جلد ہی اس میں مزید کئی گرفتاریاں ہوں گی۔  ذرائع کے مطابق  8 یا 10 افراد  اور گرفتار کئے جا سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ اس واقعے کے بعد ریاست میں نظم ونسق کے تعلق سے سوال اٹھنے لگے تھے۔  شراب مافیا کے ہاتھوں براہ راست پولیس پر حملہ  اپنے آپ میں ایک چیلنج تھا جس پر خود وزیر شمبھو دیسائی کو بیان جاری کرنا پڑا تھا۔ فی الحال پولیس  شراب کا غیر قانونی ریکٹ چلانے والے اصل چہروں کو تلاش کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ 


Share: