بنگلورو3؍ستمبر(ایس او نیوز) سابق ریاستی وزیر پروفیسر بی کے چندر شیکھر نے شہر میں ایمنسٹی انٹرنیشنل کی ایک تقریب کے دوران ملک اور فوج کے خلاف نعرہ بازی کئے جانے کی وجہ سے بی جے پی اور اس کی طلبا تنظیم اے بی وی پی کی طرف سے کئے گئے ہنگامہ کی مذمت کی اور کہاکہ ایمنسٹی انٹرنیشنل کی طرف سے ایسی کوئی نعرہ بازی ہوئی ہے اور نہ ہی اس تقریب کے دوران غداری سے جڑے کسی عمل کو انجام دیا گیا۔ ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کالج میں پروگرام کے اہتمام کے دوران اس طرح کی نعرہ بازی قصداً کی گئی اور اگلے ہی دن ایمنسٹی کے خلاف احتجاج کا سلسلہ شروع کردیاگیا ، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایک منظم سازش کے تحت یہ حرکت کی گئی ہے ۔ پروفیسرچندر شیکھر نے کہاکہ اس پروگرام کا ویڈیو انہوں نے دیکھا ہے ،اس ویڈیو میں کہیں بھی کسی قسم کی نعرہ بازی نہیں کی گئی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس سلسلے میں ایمنسٹی کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ124A کے تحت غداری کا جو مقدمہ درج کیا گیا ہے وہ واپس لیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق تشدد کو بھڑکانے اور اشتعال انگیز تقاریر کو غداری کے زمرے میں لایا گیا ہے، لیکن ایمنسٹی انٹرنیشنل کے جلسے میں ایسی کوئی بات نہیں ہوئی ہے۔ اس ملک کے آئین نے ہر فرد کو انفرادی آزادی دے رکھی ہے۔ اس آزادی کا احترام کیا جاناچاہئے۔اس موقع پر ایچ ایس دورے سوامی نے مخاطب ہوکر کہاکہ جب سے مرکز میں مودی حکومت آئی ہے ملک کو ہندو راشٹر میں تبدیل کرنے کا حکومت اور اس کے پیرو کاروں کو بھرم ہوچکا ہے،لیکن بہار اسمبلی انتخابات کے نتائج میں یہ بھرم ٹوٹ گیا ہے، جس کی وجہ سے مایوسی کے عالم میں بی جے پی اور سنگھ پریوار کے عناصر ہر چھوٹے مسئلہ کو بتنگڑ بناکر پیش کرنے اور سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہے ہیں۔